رسائی کے لنکس

14 اگست کی مناسبت سے ہارون کا نیا ملی نغمہ جاری


نغمے میں اپنے اپنے شعبوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی مختلف شخصیات اور ان کی خدمات کو بھی ویڈیو میں اجاگر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے یومِ آزادی کے دن مزید قریب آگئے ہیں۔ اور اس کے ساتھ ہی عوام کی جانب سے اسے بھرپور انداز میں منانے کا جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا ہے۔

فنکاروں اور خاص کر سنگرز کی جانب سے بھی اس جشن کو منانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ شہر کے بے شمار ہوٹلوں اور ریستورانوں میں ملی نغموں کی دھنیں بجنے لگی ہیں، جبکہ متعدد گلوکاروں نے اس موقع پر اپنے نئے گانے اور ملی نغمے بھی ’ریلیز‘ کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ان گلوکاروں میں ہارون جیسا بڑا نام بھی شامل ہے، جنہوں نے شہرت یافتہ کلاسیکل سنگر جاوید بشیر، معروف سماجی کارکن اور آرٹسٹ منیبہ مزاری و رباب پر سریلی تانیں چھیڑنے کے ماہر فرحان بوگرہ کے ساتھ آواز سے آواز اور تال سے تال ملا کر نیا ملی نغمہ ’دل سے پاکستان‘ ریلیز کیا ہے۔

ایک ملی نغمے میں چار سیلیبریٹیز اس سانگ کا خاص ’ایٹریکشن‘ ہیں، نغمے میں اپنے اپنے شعبوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی مختلف شخصیات اور ان کی خدمات کو بھی ویڈیو میں اجاگر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان کی وجہ شہرت بننے والی عمارات اور مختلف مقامات کی جھلکیاں بھی نغمے میں دکھائی گئی ہیں۔

بقول ہارون، ’’میوزک ویڈیو کو اس انداز میں پیش کرنے کا مقصد نوجوانوں میں پاکستان کے لئے ملی جذبات ابھارنا اور انہیں وطن سے محبت کا پیغام دینا ہے۔‘‘

ہارون نے ’وی او اے‘ کو بتایا کہ وہ اس گانے کا سہرا پوری ٹیم کو دینا چاہیں گے، کیوں کہ سب نے بہت محنت کی ہے۔ اس کامیابی کا سہرا میں پوری ٹیم سے سر باندھتا ہوں۔ ‘

XS
SM
MD
LG