رسائی کے لنکس

اگلے انتخابات ہم جیتیں گے، وزیر اعظم ہمارا ہوگا: پیپلز پارٹی


’’اگلا سال الیکشن کا ہے۔ ہم اس کےلیے تیار ہیں۔ پارٹی نے منشور کی تیاری شروع کر دی، ہمارا منشور ہر طبقے خصوصاً عورتوں اور نوجوانوں کی بھلائی کا منشور ہوگا‘‘

پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلا وزیراعظم انہی کی پارٹی کا ہوگا، جبکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ’’عوام حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں‘‘۔

صوبہٴ سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں منگل کو پی پی پی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ ’’اسی سال الیکشن کے لئے تیار ہیں۔ نہ پہلے کبھی ڈرے اور نہ آئندہ ڈریں گے۔ آئندہ حکومت ہم بنا کر دکھائیں گے‘‘۔

سابق صدر نے اپنے خطاب میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپوزیشن میں رہ کر اور اکثریت نہ ہونے کے باوجود چیئرمین سینیٹ بنا لیا؛ تو اگلی بار وزیر اعظم بھی بنا کر دکھاؤں گا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ’’ہم نہیں سمجھتے پاکستان میں کبھی بھی انصاف ہوا ہے، ہمارے ساتھ ہر دور میں ظلم و زیادتی ہوتی رہی ہے۔ لیکن، آج دیکھنا ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور کیا نہیں ہوتا ہے‘‘۔

دوسری جانب، سابق صدر کے بیٹے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو ’’قومی سلامتی کی نہیں، پاناما کی پریشانی ہے‘‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔

بلاول نے مزید کہا کہ یہ سیاسی اور اقتدار کی نہیں نظریات کی جنگ ہے جو جاری ہے۔

انہوں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ’’اگر ملک میں ترقی ہو رہی ہے تو منافع بخش ادارے کیوں بیچے جا رہے ہیں؟ ملز اور کارخانے کیوں بند ہو رہے ہیں؟‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’اگلا سال الیکشن کا ہے۔ ہم اس کےلیے تیار ہیں۔ پارٹی نے منشور کی تیاری شروع کر دی ہے، ہمارا منشور ہر طبقے خصوصاً عورتوں اور نوجوانوں کی بھلائی کا منشور ہوگا‘‘۔

XS
SM
MD
LG