رسائی کے لنکس

براک اوباما اور مشیل اوباما فلمیں بنائیں گے


امریکا کے سابق صدر براک اوبامہ اور ان کی اہلیہ مشیل اوبامہ کو دنیا بھر میں میڈیا کی مقبول شخصیات میں شامل کیا جائے تو کچھ غلط نہ ہو گا۔ اور اب یہی مقبول صدارتی جوڑا فلمیں اور ٹی وی شوز بنائےگا۔

امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس، سی این این اور دیگر امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر براک اوبامہ اور مشیل اوباما نے ہائر گراؤنڈز کے نام سے پروڈکشن کمپنی بنائی ہے اور وہ آن لائن اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے ساتھ مل کر فیچرز، دستاویزی فلمیں اور مختلف سیریز بنائیں گے۔

اس سلسلے میں اوبامہ کی کمپنی اور نیٹ فلکس میں طویل مدت کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

نیٹ فلکس کے معاہدے کے اعلان میں شامل بیان میں براک اوبامہ نے کہا کہ صدارت کے دوران سب سے خوشگوار لمحات وہ تھے جب ہم زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے متاثر کن افراد سے ملتے، ان کی مدد کرتے اور ان کے تجربات سنتے تھے۔ اس لیے ہم نیٹ فلکس سے شراکت پر کافی پرجوش ہیں۔ امید ہے کہ ہم باصلاحیت، متاثر کن اور تخلیقی لوگوں کو اکھٹا کریں گے جو لوگوں میں ہمدردی اور باہمی ربط اجاگر کریں گے اور ان کی مدد کریں گے کہ وہ اپنی کہانی دنیا کو بتائیں۔

سابق خاتون اول مشیل اوباما کا کہنا تھا کہ کہانی بیان کرنے کی طاقت ہمیشہ متاثر کن رہی ہے۔ یہ وہ طاقت ہے جس کے ذریعے ہم مختلف سوچ کے ساتھ لوگوں پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ نیٹ فلکس ایک ایسا میڈیم ہے جس کے ذریعے ہم اپنے آئیڈیاز کو بہتر طور پر لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔

اوبامہ اور نیٹ فلکس معاہدے سے واقف ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اوباما کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے کوئی بھی تخلیق 2019 سے پہلے منظر عام پر آنے کی توقع نہیں۔

امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی نیٹ فلکس کے دنیا بھر میں 125 ملین سبسکرائبرز ہیں۔

XS
SM
MD
LG