پریس فریڈم گروپ کے مطابق چین گزشتہ سال عالمی سطح پر صحافیوں کا سب سے بڑا جیل خانہ بنا رہا جہاں 100 سے زیادہ صحافی جیل کی سلاخوں کے پیچھے تھے کیونکہ صدر شی جن پنگ کی حکومت نے معاشرے پر کنٹرول کو سخت کر دیا تھا۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق شی کی حکومت پراپیگنڈا مواد سب سے زیادہ برآمد کرنے وا لوں میں شامل تھی ۔ گروپ کی طرف سے جاری پریس کی آزادی کے سالانہ انڈیکس میں چین آخری سے ایک درجہ اوپر تھا جب کہ شمالی کوریا اس فہرست میں سب سے آخر پرتھا ۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چین میں میڈیا پر پہلے سے ہی سخت کنٹرول رہا ہے اور حکمرا ن کمیونسٹ پارٹی نے اس کنٹرول کو اور بھی کڑا کر دیا ہے جہاں تمام اخبارات اور نشریاتی ادارے سرکاری ملکیت کے تحت کام کرتے ہیں۔ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ خود پر سینسرشپ عائد کرے ۔ اس سینسر شپ کے تحت ایسے مواد کی اشاعت روک دی جاتی ہے جس سے یک جماعتی حکمرانی کی مخالفت کو جگہ مل سکتی ہو ۔
چین میں گزشتہ کئی دہائیوں کی سب سے طاقتور شخصیت شی نے 2016 میں ان صحافیوں سے ملاقات کی تھی جنہیں ’’عوامی رائے کو درست سمت‘‘ پر لانے کے لیے سرکاری انعامات سے نوازا گیا تھا۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے بدھ کو ایک رپورٹ میں کہا کہ شی جن پنگ ’’ صحافت کے خلاف ہولناک جنگ ‘‘ کر رہے ہیں۔ گروپ نے پریس کی آزادی میں چین کی صورت حال کو ’ ’تباہ کن‘‘ قرار دیا۔
بیجنگ کو انٹرنیٹ کنٹرول کے لیے دنیا میں سب سے وسیع نظام چلانے کے حوالے سے جانا جاتا ہے ۔ وہ اپنے فلٹرز کے ذریعے چینی عوام کو بیرون ملک نیوز آؤٹ لیٹس،حکومتوں، انسانی حقوق اور دیگر کارکن گروپوں کے زیر انتظام ویب سائٹس کو دیکھنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
چینی صحافیوں پر جاسوسی، قومی راز افشا کرنے اور جھگڑا کرنےکے الزامات کے تحت مقدمات چلائے گئے ہیں ۔جھگڑا کرنے کا الزام بہت مبہم ہے جسے مخالفین کو جیل میں ڈالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ دوسرے معاملات میں صحافیوں کے خلاف نگرانی، ڈرانے دھمکانے اور ہراساں کرنے جیسے طریقے استعمال کیے جاتے ہیں ۔
صحافی ڈونگ یویو حکمران جماعت سے منسلک ایک اخبار میں کام کرتے تھے اور ہارورڈ یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں ۔ ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ انہیں ایک سال سے زائد عرصے تک حراست میں رکھنے کے بعد اب ان پر جاسوسی کے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے مارچ میں کہا تھا کہ چین میں 2022 میں چینی نژاد آسٹریلوی صحافی چینگ لی پر قومی سلامتی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا تھا لیکن ابھی تک اس کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
چینگ انگریزی زبان کے سرکاری ٹی وی چینل CGTN کے لیے کام کرتے تھے جو غیر ملکی ناظرین کے لیے نشریات پیش کرتا ہے۔ انہیں اگست 2019 میں حراست میں لیا گیا تھا اور ان پر ریاستی راز افشا کرنے کا الزام تھا۔
ہانگ کانگ میں کمیونسٹ پارٹی نے جمہوریت کے حامی ایک ممتاز روزنامے ’ ایپل ڈیلی‘ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے بند کرنے پر مجبور کیا۔
ایپل ڈیلی کے بانی جمی لائی کو گزشتہ سال دھوکہ دہی کا مجرم قرار دیا گیا تھا جس کے بارے میں ان کے حامیوں کا کہنا تھا کہ اس الزام کے محرکات سیاسی تھے۔ اخبار کے چھ سابق ایگزیکٹوز نے اعترافِ جرم کیا ہے۔
(اس رپورٹ کا مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے)