رسائی کے لنکس

عمران خان کا وزرا کے ہمراہ جی ایچ کیو کا آٹھ گھنٹے طویل دورہ


وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ’’پاکستان کو اندرونی و بیرونی سطح پر چیلنجوں کا سامنا ہے۔ قوم کے تعاون اور قومی حکمت عملی سے چیلنجوں پر قابو پالیں گے‘‘

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’’دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں اور کردار قابل قدر ہے۔ پاکستان آگے بڑھے گا‘‘۔

پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جی ایچ کیو کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر کیا۔ جی ایچ کیو پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم جی ایچ کیو پہنچے تو انہیں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد وزیر اعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا تمام پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف بھی کروایا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کو اندرونی و بیرونی سطح پر چیلنجوں کا سامنا ہے۔ قوم کے تعاون اور قومی حکمت عملی سے چیلنجوں پر قابو پالیں گے‘‘۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پاک فوج کو اپنی صلاحتیں بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آگے بڑھنا ہے اور اقوام عالم میں پاکستان ایک مثب ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔

وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے اہم ارکان کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، آپریشن ردالفساد، کراچی کی صورتحال اور خوشحال بلوچستان پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’’ملک کی حفاظت کے لئے پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ہر قیمت اور قربانی دے کر مادروطن کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔‘‘

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری دفاع بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے پاک فوج کی آپریشنل تیار یوں، پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔

وزیر اعظم عمران خان کا یہ جی ایچ کیو کا پہلا دورہ تھا اس سے قبل وزیر اعظم ہاؤس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی۔

XS
SM
MD
LG