رسائی کے لنکس

عمران خان تک رسائی کی حکومتی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کا احتجاج موخر


پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین گوہرعلی خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین گوہرعلی خان

  • حکومت کی منگل کو عمران خان تک ڈاکٹرز کی رسائی کی یقین دہانی
  • پارٹی نے عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور خاندان کے افراد کو فوری ملنے کی اجازت کا مطالبہ کیا تھا۔
  • اسلام آباد نے 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والے 23 ویں ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے آنے والے تقریباً 900 مندوبین کی سکیوریٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں۔
  • شنگھائی کوآپریشن اجلاس میں چین، روس اور دسرے ملکوں کے رہنما شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان کی حزب اختلاف کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف نے دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں طے کردہ احتجاج کو موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ کر کے اسے یقین دلایا ہے کہ وہ ڈاکٹرز کو منگل کی صبح اڈیالہ جیل میں قید جماعت کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران کے معالج کے طور پر جانے کی اجازت دیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور خاندان کے افراد کو فوری ملنے کی اجازت کا مطالبہ کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کی جانب سے کارکنوں کو ایک ملک گیر کال جاری کی گئی تھی کہ وہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے لیے جمع ہوں۔

پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین بیرسٹر علی گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت پارٹی کے ہر کارکن اور عہدیدار کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3 اکتوبر کے بعد پارٹی بانی سے کوئی ملاقات نہ ہونے پر تحفظات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسلام آباد نے 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والے 23 ویں ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے آنے والے تقریباً 900 مندوبین کی سکیوریٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں چینی وزیر اعظم لی کیانگ، روس کے وزیر اعظم میخائل میشوسٹن، ایران کے اول نائب صدر رضا عارف، بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر رکن ممالک کے رہنما شرکت کر رہے ہیں۔

قبل ازیں حکومت نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران سکیوریٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے 18 اکتوبر تک آنے جانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

تاہم، پیر کی رات دیر گئے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک پیغام میں، پی ٹی آئی نے کہا: "وفاقی حکومت نے ہم سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور ہمیں یقین دلایا ہے کہ ڈاکٹروں کو کل صبح اڈیالہ جیل بھیج دیا جائے گا جبکہ عمران خان کی ڈاکٹروں تک رسائی بحال کر دی جائے گی۔"

فورم

XS
SM
MD
LG