رسائی کے لنکس

بین الاقوامی ٹاپ یونیورسٹیوں کی نئی فہرست جاری


امریکی جامعات نے ایک بار پھر سے بہترین یونیورسٹیوں کے سالانہ لیگ ٹیبل پر سبقت حاصل کر لی ہے۔

ٹاپ یونیورسٹیوں کی نئی ورلڈ رینکنگ میں برطانیہ کی چار یونیورسٹیاں دنیا کی 10 بہترین جامعات میں شامل کی گئی ہیں جبکہ دنیا کی ٹاپ یونیورسٹی کا اعزاز امریکہ کی 'میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنا لوجی (ایم آئی ٹی)' کے حصے میں آیا ہے۔

'کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ سال 2014/15' کی نئی فہرست کے مطابق امریکی جامعات نے ایک بار پھر سے بہترین یونیورسٹیوں کے سالانہ لیگ ٹیبل پر سبقت حاصل کر لی ہے جب کہ فہرست میں برطانوی یونیورسٹیوں کا نمبر دوسرا رہا ہے۔

ہائرایجوکیشن کی عالمی رینکنگ میں 'امپریل کالج لندن' اور 'یونیورسٹی آف کیمبرج' نےمشترکہ طور پر ٹاپ 2 کی پوزیشن حاصل کی ہے جس کے بعد امریکہ کی مشہور 'ہارورڈ یونیورسٹی' کا نمبر ہے۔

اس فہرست میں ٹاپ 5 کی جگہ 'آکسفورڈ یونیورسٹی' اور 'یونیورسٹی کالج لندن' کو مشترکہ طور پرملی ہے۔

ٹاپ 10 بہترین یونیورسٹیوں کی بقیہ جگہ امریکی یونیورسٹیوں اسٹینفورڈ، کالیٹیک، پرسٹن اور ییل نے پوری کی ہے۔

'کیو ایس' کے مطابق سالانہ یونیورسٹی رینکنگ کے لیے ماہرین تعلیم چار اہم شعبوں - تدریس، تحقیق، روزگار اور بین الاقوامی نقطۂ نظر کے حوالے سےجامعات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اورحاصل کردہ اسکورکے مطابق یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کرتے ہیں۔

دنیا کے اولین جامعات ٹاپ 20 کی فہرست میں برطانیہ کی مزید 2 یونیورسٹیاں - کنگز کالج لندن اور یونیورسٹی آف ایڈنبرگ شامل ہیں۔ امریکہ کی 5 یونیورسٹیاں - شکاگو یونیورسٹی گیارہویں، یونیورسٹی آف پنسلوانیا تیرہویں، اور کولمبیا یونیورسٹی اور جان ہاپکنز یونیورسٹی 14 واں نمبر حاصل کر سکی ہیں۔

اسی طرح ٹاپ 200 یونیورسٹیوں کی فہرست میں امریکہ کی 51، برطانیہ کی 29، جرمنی کی 13، نیدر لینڈز کی 11، کینیڈا اور جاپان کی 10 اور آسٹریلیا کی 8 یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

'یونیورسٹیوں کے دارالحکومت' کی اپنی شہرت برقرار رکھتے ہوئے لندن کی 5 یونیورسٹیاں ٹاپ 100 میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بوسٹن اور ہانگ کانگ کی تین، تین جامعات بھی دنیا کی سو بہترین جامعات میں شامل کی گئی ہیں۔

برطانیہ کی برسٹل اور مانچسٹر یونیورسٹی ٹاپ 30 میں شامل ہیں جب کہ گلاسگو یونیورسٹی، واروک، برمنگھم اور شیفلڈ یونیورسٹی ٹاپ 70 کی درجہ بندی میں جگہ حاصل کر سکی ہیں۔

ہائر ایجوکیشن اداروں کی نئی فہرست میں 'سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی' نے 12 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

فہرست میں ایشیا کی نمائندگی یونیورسٹی آف سنگا پور اور یونیورسٹی آف ہانگ کانگ نے کی ہے جو بالترتیب 22 اور 28 ویں پوزیشن حاصل کر کے ٹاپ 30 میں شامل ہوئی ہیں۔

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بمبئی 222، انسٹی ٹیوٹ آف دہلی 235، انسٹی ٹیوٹ آف کانپور 300، انسٹی ٹیوٹ آف مدراس 322، اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کھرگپور 324 واں نمبر حاصل کر سکی ہیں۔

'کیو ایس' کے مطابق رواں برس دنیا بھر سے 800 سے زائد جامعات کی عالمی رینکنگ کی گئی ہے۔ ٹاپ 400 یونیورسٹیوں کو انفرادی طور پر پوزیشنز دی گئی ہیں جن کے بعد بعد گروپ کی شکل میں جامعات کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

پاکستان کی کسی جامعہ کو ٹاپ 400 یونیورسٹیوں میں جگہ نہیں ملی ہے لیکن 'نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)' اسلام آباد کی رینکنگ 481 سے 490 کے گروپ میں کی گئی ہے جبکہ 'لاہور یونیورسٹی' اور 'کراچی یونیورسٹی' 701+ گروپ میں شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG