رسائی کے لنکس

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کی نذر


پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا ہے۔ بار بار برسنے والی تیز بارش نے کھیل کو اس حد تک متاثر کیا کہ میچ منسوخ کرنا پڑا۔

بدھ کو میچ کے آغاز پر ٹاس انگلینڈ نے جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا۔ پاکستان نے 19 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے کہ تیز بارش شروع ہوگئی۔

بارش کے سبب پہلے ہی میچ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا تھا جس کے سبب میچ 47،47 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ لیکن طویل انتظار کے باوجود جب میچ شروع ہونےکی پوزیشن میں نہیں آسکا تو اوورز مزید کم کردیے گئے اور میچ 41 اوورز تک محدود ہوگیا۔

اس دوران میچ کو تین مرتبہ روکا گیا لیکن اس دوران پاکستان 19 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 80 رنز ہی بناسکا جس میں امام الحق کے 42 اور حارث سہیل کے چودہ رنز شامل تھے۔ یہ دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔

آؤٹ ہونے والے دو کھلاڑیوں میں فخر زمان نے 3 اور بابر اعظم نے 16 رنز بنائے۔ ان کھلاڑیوں کو پلینکٹ اور آرچر نے آؤٹ کیا۔

بارش کی وجہ سے انگلینڈ کو اپنی اننگز شروع کرنے کا موقع تک نہ مل سکا اور میچ منسوخ کرنا پڑا۔ دوسرا میچ ہفتے کو سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ اور ویلز میں ان دنوں بارشیں جاری ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے جس کے بعد خدشہ ہے کہ سیریز کے مزید میچ بھی بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

بدھ کے میچ میں پاکستان نے فاسٹ بالر محمد حسنین کی جگہ محمد عامر اور آصف علی کو کھیلنے کا موقع دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG