امریکی لوگوٕں کی طرف سے ، مشیل اور میں، امریکہ اور دینا بھر کے مسلمانوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ آپ سب کو رمضان مبارک ہو ۔
رمضان المبارک سال کا وہ مہینہ ہے جب دنیا بھر کے مسلمان عقیدے کی حکمت اور ہدایت ، اور ان ذمہ داریوں کی یاد مناتے ہیں جو بنی نو ع انسان پر ایک دوسرے کے لیے اور خدائے بزرگ و برتر کے لیے عائد ہیں ۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب گھرانےاکٹھے ہوتے ہیں، دوست احباب افطار کا اہتمام کرتے ہیں اور مل جل کر کھانا کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ لیکن رمضان بھر پور عبادت اور ریاضت کا مہینہ بھی ہے ۔۔۔ وہ وقت یےجب مسلمان دن کے وقت روزے رکھتے ہیں اور رات کو عبادت کرتے ہیں؛ جب مسلمان ہر جگہ کے لوگوں کے لیے مواقعوں اور خوشحالی کے فروغ کی غرض سےدوسروں کی مدد کرتے ہیں۔ ہم سب کو یہ بات یاد رکھنی چاہیئے کہ ہم جو دنیا تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔۔اور ہم جو تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔۔ان کی ابتدا ہمارے دلوں میں اور ہماری اپنی کمیونٹیوں سے ہونی چاہیئے ۔
یہ دینی شعائر ان اصولوں کے ساتھ ساتھ ،جو ہمارے درمیان مشترک ہیں ، ہمیں انصاف ، ترقی ، تحمل و رواداری اور تمام انسانوں کی توقیر کے فروغ میں اسلام کے کردار کی یاد بھی دلاتے ہیں۔ رمضان ایک ایسے عقیدے کی خوشی منانے کا مہینہ ہے جو بے پناہ تنوع اور نسلی مساوات کے لیے جانا جاتا ہے۔ اور یہاں امریکہ میں رمضان اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ اسلام ہمیشہ سےامریکہ کا ایک حصہ رہا ہے اور یہ کہ امریکی مسلمانوں نےہمارے ملک کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ اوراب ، جب آپ رمضان کے آغاز کا خیر مقدم کر رہے ہیں ،میں دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں ۔۔۔ اور آپ کے گھرانوں اور دوستوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ میں اس ہفتے کے آخر میں یہاں وائٹ ہاؤس میں ایک افطار ڈنر کی میزبانی کر کے رمضان کی خوشی منانے کا منتظر ہوٕں اور آپ کے لیے ایک با برکت مہینے کا متمنی ہوں ۔
خدا تعالیٰ آپ کو اپنے امن و امان میں رکھے۔