رسائی کے لنکس

رمضان نشریات کیلئے ٹی وی چینلز میں مقابلے کی دوڑ شروع


ان پروگرامز کی میزبانی کے لئے مذہبی شخصیات سے لے کر شوبز کے گلیمرس اسٹارز تک کے درمیان ایک دوسرے سے مقابلے کی دوڑ جاری ہے۔ چند چینلز نے اپنی ٹرانسمیشن اور ان کے ہوسٹس سے پردہ اٹھا دیا ہے، جبکہ کچھ نے ابھی تک رازداری برتی ہوئی ہے

پاکستانی ٹی چینلز پر اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی خصوصی رمضان ٹرانسمیشنز کے پروموز آنا شروع ہوچکے ہیں۔ انہیں دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ناصرف چینلز نے انہیں ہر طریقے سے پرکشش اور ’کمرشل‘ بنانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، بلکہ لگتا کچھ یوں ہے کہ اس بار بھی مختلف چینلز کے درمیان مقابلہ سخت ہوگا۔

نجی چینل ’جیو‘ نے ملک میں سب سے پہلے رمضان ٹرانسمیشن کو ایک نیا رنگ دینے پر سب سے زیادہ زور دیا۔ لیکن، بعض مبصرین کے بقول یہ رنگ مذہبی تقدس سے آگے بڑھ کر کمرشل ہوتا چلا گیا۔ اب ہر سال اس میں تیزی نوٹ کی جا رہی ہے۔ تاہم، اس بار پابندی کی وجہ سے جیو کی رمضان ٹرانسمیشن شاید مقابلے سے باہر ہو۔ چینل تاحال آف ائیر ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین جو پچھلے سال جیو کی رمضان ٹرانسمیشن کے ہوسٹ تھے اس بار’ ایکسپریس‘ نیوز سے سحر اور افطار کی نشریات پیش کریں گے۔ وہ اس سے پہلے اے آر وائی سے بھی خصوصی ٹرانسمیشن پیش کرچکے ہیں۔ ان کا وائس آف امریکہ سے تبادلہ خیال میں کہنا تھا کہ ’رمضان کی خصوصی نشریات جہاں عوام کو معلومات میں اضافے کا سبب ہیں، وہیں یہ ہلکی پھلکی ذہنی آزمائش اور دلچسپی کا بھی سبب ہیں۔‘

کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک نجی ٹی وی چینل کے اعلیٰ عہدیدار نے وائس آف امریکہ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’رمضان ٹرانسمیشن‘ ہرٹی وی چینل کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ ملٹی نیشنل کمپنیز ہوں یا ملکی انڈسٹریز، سب کی پہلی ڈیمانڈ یہی ہوتی ہے کہ ان کے کمرشلز سحر و افطار کی نشریات میں لازماً اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں دکھائے جائیں۔ اس کے لئے وہ چھوٹے سے چھوٹے سوالات پر بڑے سے بڑے انعامات بھی دیتے ہیں اور چینلز کو اشتہارات چلانے کے پیسے بھی۔پھر بھلا رمضان ٹرانسمیشن سب سے دلکشی اور پرکشش کیوں نہ ہوں ۔۔سارے سال کی آمدنی ایک ماہ میں نکل آتی ہے‘

ادھر، ان پروگرامز کی میزبانی کرنے کے لئے مذہبی شخصیات سے لے کر شوبز کے گلیمرس اسٹارز تک کے درمیان ایک دوسرے سے مقابلے کی دوڑ جاری ہے۔ چند چینلز نے اپنی ٹرانسمیشن اور ان کے ہوسٹس سے پردہ اٹھا دیا ہے، جبکہ کچھ نے ابھی تک راز داری برتی ہوئی ہے۔ مثلاً ہم ٹی وی۔

ہم ٹی وی سے پچھلے سال کی رمضان نشریات بشریٰ انصاری، فہد مصطفی اور نور الحسن نے پیش کی تھیں۔ لیکن، اس بار ابھی تک میزبان کے حوالے سے ٹیزر ہی دکھایا جارہا ہے۔ تاہم، وی او اے کے نمائندے کو مختلف حوالوں سے اشارے ملے ہیں کہ اس بار قرعہ ایکٹر احسن خان کے نام نکلے گا۔ تاہم، انتظامیہ کی جانب سے اس کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

شنید یہ بھی ہے کہ احسن خان حال ہی میں عمرہ ادا کرکے آئے ہیں اور رمضان ٹرانسمیشن کے لئے پرفیکٹ چوائس ہیں۔ چینل کی رمضان نشریات فائیو اسٹار ہوٹل کے بال روم سے پیش کی جائیں گی۔

جنید جمشید اور وسیم بادامی پچھلے کئی سال سے اے آر وائی سے رمضان نشریات میں جلوہ گر ہوچکے ہیں اور چینل کی پہچان بن گئے ہیں۔ لہذا، اس باربھی یہ جوڑی آپ کو مذکورہ چینل کی نمائندگی کرتی نظرآئے گی۔
XS
SM
MD
LG