رسائی کے لنکس

کراچی میں آسمان کو چھوتی عمارتوں کا جال بچھ رہا ہے


کچھ بلند عمارات کی بات کریں تو ’سینٹر پوائنٹ ٹاور‘ کورنگی روڈ 29 منزلہ، بحریہ ٹاوٴن ٹاور طارق روڈ 26منزلہ، ڈولمن ہاربر فرنٹ کلفٹن 21 منزلہ، کیماڑی کا ’پی آئی سی ٹاور‘ 23 منزلہ، ڈالمین ایکسپو ٹاور 19 منزلہ اور گلشن اقبال میں واقع لاکھانی پریذیڈنسی کے دونوں ٹاورز جو انیس، انیس منزلہ ہیں

سالہا سال تک اپنے’بازو‘ پھیلانے والا شہر قائد اب مسلسل اپنا ’قد‘ بھی بڑھا رہا ہے۔ نادرن بائی پاس سے کلفٹن کے ساحل تک۔۔۔سپرہائی وے کے آغاز سے کیماڑی تک۔۔چاروں جانب پھیلنے کے بعد اب یہ سطح زمین سے اٹھ کر فلک بوسی تک پہنچنے لگا ہے۔

اسی کی دہائی تک کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے شہر بھر میں کسی کو بھی چار منزلوں سے زیادہ اونچی عمارت بنانے کی اجازت نہیں تھی مگر نئی صدی کے شروع ہوتے ہی رہائشی عمارتیں دس سے بارہ اور بارہ سے 15یا 18 فلورز تک بنانا عام بات نظر آنے لگی۔۔۔اور آج یہ صورت حال ہے کہ بات پچیس اور تیس منزلوں سے بھی آگے نکلنے لگی ہے۔

پچھلے ہزاریئے میں آئی آئی چندریگر روڈ پر سنہ 1963 میں تعمیر ہونے والی حبیب بینک پلازہ کی 25منزلہ عمارت شہر قائد ہی کی نہیں بلکہ پاکستان کی سب سے اونچی عمارت شمار ہوتی تھی۔ اس کی لمبائی ایک سو پانچ اعشاریہ دو میٹر ہے مگر اب بیک وقت دو عمارتیں شہر کی بلند ترین عمارتیں شمار ہوتی ہیں۔ یہ ہیں:

’اوشین ٹاورز‘ جس کی لمبائی120 میٹر ہے اور جو سنہ 2012ء میں تعمیر ہوئی۔ یہ تین تلوار کلفٹن میں واقع ہے اور اس کی 30 منزلیں ہیں۔

اسی کے مقابلے پر ’ایم سی بی ٹاور‘ ہے جس کی بلندی 116 میٹر ہے۔ اس کی 30 منزلیں ہیں اور یہ سنہ 2005 میں مکمل ہوئی۔ یہ آئی آئی چندریگر روڈ کے ایک کونے پر واقع ہے۔

شہر کی بیشتر عمارات آئی آئی چندریگر روڈ پر ہی واقع ہیں جیسے داوٴد اسلامک ٹاور جو 23 منزلہ ہے۔’ٹیکنو سٹی کارپوریٹ ٹاور‘ جو 14 منزلہ ہے۔ صائمہ ٹریڈ ٹاور کے دو بلاکس جو20، 20منزلہ ہیں اور جن کی تعمیر 1995ء میں مکمل ہوئی تھی۔

اسی شاہراہ سے کچھ فاصلے پر فاطمہ جناح روڈ ہے جہاں 1985ء میں تعمیر ہونے والا ’آواری ٹاور‘ موجود ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع ’نیو براڈ کاسٹنگ ہاوٴس‘ اور شہید ملت روڈ کی ’ناہیڈ سپرمارکیٹ‘ دونوں ’ٹوئنٹی ٹوئنٹی‘۔۔ منزلہ ہیں۔

کچھ اور بلند عمارات کی بات کریں تو ’سینٹر پوائنٹ ٹاور‘ کورنگی روڈ 29 منزلہ، بحریہ ٹاوٴن ٹاور طارق روڈ 26 منزلہ، ڈولمن ہاربر فرنٹ کلفٹن 21 منزلہ، کیماڑی کا ’پی آئی سی ٹاور‘ 23 منزلہ، ڈالمین ایکسپو ٹاور 19 منزلہ اور گلشن اقبال میں واقع لاکھانی پریذیڈنسی کے دونوں ٹاورز جو انیس، انیس منزلہ ہیں۔

یاد رہے کہ متذکرہ عمارات میں چودہ فلور سے چھوٹی کوئی عمارت شامل نہیں حالانکہ گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلستان جوہر ، صدر ، کینٹ اسٹیشن اور دیگر بہت سے علاقوں میں بھی انگنت کثیرالمنزلہ رہائشی فلیٹس قائم ہیں۔

XS
SM
MD
LG