رسائی کے لنکس

بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا کا 86 سال کی عمر میں انتقال


رتن ٹاٹا، فائل فوٹو
رتن ٹاٹا، فائل فوٹو

  • رتن ٹاٹا کا 86 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال
  • بیس سال بھارت کے بڑے صنتعی اور تجارتی گروپ، ٹاٹا گروپ کے چئیرمین رہے
  • اپنی سربراہی میں گروپ کو وسعت دی اور بیرون ملک سرمایہ کاری کو بڑھایا

بھارت کے بڑے صنعتی گروپ، ٹاٹا گروپ کے سابق چئیرمین رتن ٹاٹا بدھ کے روز 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کی وفات کا اعلان ٹاٹا گروپ نے کیا جس کا بھارت کے بڑے کاروباری گروپوں میں شمار ہوتا ہے۔

رتن ٹاٹا نے بڑے کاروباری سودوں کے ذریعے ٹاٹا گروپ کو عالمی سطح پر معروف کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بیس سال تک اس کاروباری گروپ کے چئیرمین رہے۔ خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق وہ ممبئی کے ایک ہسپتال میں آئی سی یو میں داخل تھے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر رتن ٹاٹا کے لیے پوسٹ کیے گئے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ وہ دوراندیش کاروباری رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مہربان روح اور انتہائی نفیس انسان بھی تھے۔

1962 میں امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی سے آرکیٹیکچر میں گریجوئشن کرنے کے بعد انہوں نے ٹاٹا گروپ کو جوائن کیا۔ یہ گروپ ان کے دادا نے تقریباً ایک صدی قبل قائم کیا تھا۔

انہوں نے ٹاٹا کی کئی کمپنیوں میں کام کیا۔ ان میں ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا سٹیل بھی شامل ہیں۔ انہوں نے گروپ کا نقصان کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

1991 میں جب ان کے چچا جے آر ڈی ٹاٹا اپنے عہدے سے سبک دوش ہوئے تو انہوں نے کمپنی کی سربراہی اپنائی۔ یہ وہ وقت تھا کہ بھارت میں معاشی اصلاحات کی جا رہی تھیں اور ملک بیرونی سرمایہ کاری کے لیے کھولا جا رہا تھا اور ترقی میں تیزی آ رہی تھی۔

انہوں نے ٹاٹا کی نئی کمپنیاں بھی کھولیں جن میں ٹاٹا ٹیلی سروسز، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز وغیرہ بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بھارت سے باہر سرمایہ کاری بھی کی اور برطانوی چائے کی کمپنی ٹیٹلی خریدی۔ اس کے علاوہ سٹیل بنانے والی اینگلو ڈچ کمپنی کورس کو 13 ارب ڈالر کی قیمت پر سن 2000 میں خریدا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کاروں کے برینڈ جیگوار اور لینڈ روور کو بھی ٹاٹا گروپ کی ملکیت بنایا۔

رتن ٹاٹا لائسنس یافتہ پائلٹ تھے اور وہ بعض اوقات کمپنی کے جہاز بھی اڑایا کرتے تھے۔ انہوں نے کبھی شادی نہیں کی۔

انہیں 2008 میں بھارت کی جانب سے دوسرے بڑےسول ایوار پدما وبھوشن سے بھی نوازا گیا۔

اس خبر کے لیے مواد رائٹرز سے لیا گیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG