پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان میں دو مسافر بسوں میں تصادم سے کم از کم 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ پیر کی صبح خانپور کے علاقے میں پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی ایک بس فیصل آباد سے صادق آباد کی طرف رواں بس سے ٹکرا گئی۔
ہلاک و زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام اور امدادی اداروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونے والوں کو رحیم یار خان اور خانپور کے مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا، زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حادثے کے بعد مسافر بسیں بری طرح پچک گئیں اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کو بسوں کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات ایک معمول کی بات ہے جن میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات کی وجہ غیر محتاط ڈرائیونگ، سڑکوں کی خراب حالت اور گاڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال بتائی جاتی ہے۔