جدید دنیا میں روبوٹس آہستہ آہستہ انسانوں کی جگہ لیتے جارہے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت کی آمد نے ان خیالات کو مزید تقویت بخشی ہے کہ دنیا بہت تیزی سے خود کاری کی طرف بڑھ رہی ہے۔
اب وہ وقت دور نہیں جب شاید پارک میں پانی دینے سے ڈرائیونگ کرنے تک روز مرہ کے تمام کام روبوٹس ہی انجام دیں گے۔
دبئی میں تو باقاعدہ طور پر روبوٹس کی مدد سے چلنے والا دنیا کا پہلا روبو کیفے قائم ہو چکا ہے جو عوام کے لیے رواں ماہ کھلنے جارہا ہے۔
ہو سکتا ہے یہ سب کچھ کسی سائنس فکشن فلم کا ایک منظر لگے لیکن روبو کیفے کا باقاعدہ افتتاح دبئی فیسٹیول سے ہوگا۔ اس کیفے کو تین روبوٹس مل کر چلائیں گے۔
فیسٹیول کے دوران جو شخص بھی اس فوڈ اینڈ بیوریج آؤٹ لیٹ پر جانا چاہے وہ وقت بچانے کی غرض سے ٹیبلٹ کے ذریعے کیفے کے داخلی دروازے پر ہی آرڈر دے سکتا ہے۔ اس آرڈر کے ذریعے وہ کیفے میں موجود ہرچیز منگوا سکتا ہے۔
کیفے میں بیک وقت 60 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ مینو میں گرم و ٹھنڈے مشروبات کی ایک لمبی فہرست ہے۔
اتنا ہی نہیں بلکہ کیفے میں آپ ہر طرح کے اسنیکس اور مختلف ڈششز کا بھی مزہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ سب چیزیں آپ کو مصنوعی ذہانت رکھنے والے روبوٹس پیش کریں گے۔
روبو کیفے کی مینیجر یاسمین العنزاری کا کہنا ہے کہ پورا کیفے مکمل طور پر خود کار ہے۔ یہاں تک کہ خود کار طریقے سے یہاں میوزیکل اور لائٹ شوز کا مزہ بھی بخوبی اٹھا سکتے ہیں۔