رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کا دورۂ بھارت: کوہلی اور روہت کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے چھٹی


بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ بھارت کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ تجربہ کار بلے بازوں وراٹ کوہلی اور روہت شرما کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں یک طرفہ شکست کے بعد بھارتی بورڈ پر یہ دباؤ بڑھ رہا تھا کہ وہ سینئر کھلاڑیوں پر انحصار کم کرکے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے۔

بھارتی بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے باہر کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ہاردک پانڈیا ٹیم انڈیا کی قیادت کریں گے۔

دوسری جانب دونوں بیٹرز کو کیویز کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ کوہلی نے سری لنکا کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے جانے والے ون ڈے میں 87 گیندوں پر 113 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی جب کہ روہت شرما نے بھی 83 رنز بنائے تھے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اوپنر کے ایل راہل اور آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو ذاتی مصروفیات کے باعث ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

خٰیال رہے کہ دورۂ پاکستان مکمل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت جائے گی جہاں وہ تین ایک روزہ میچز اور تین ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

بھارت کے ون ڈے اسکواڈ میں روہت شرما کپتان، وراٹ کوہلی، شبمان گل، ایشان کشن، شیریاس آیئر، سوریا کمار یادیو، کے ایس بھرت، ہاردک پنڈیا، واشنگٹن سندر، شہباز احمد، شاردل ٹھاکر، یوزویندر چہل،کلدیپ یادیو، محمد شامی، عمران ملک اور محمد سراج شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان ہاردک پانڈیا، سوریا کمار یادیو، ایشان کشن، روتروج گیکواد، شبمان گل، دیپک ہودا، راہل ترپاتھی، جتیش شرما، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، یوزویندر چہل، ارشدیپ سنگھ، عمران ملک، شیوم ماوی، پرتھوی شاؤ اور مکیش کمار شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG