لندن —
برطانوی شاہی جوڑے نے منگل کے روز نومولود شہزادے کو پہلی باربرطانوی عوام سے ملوایا اس موقع پر مستقبل کے بادشاہ نے صرف ایک روز کی عمر میں اپنے والدین کی گود میں دنیا بھر کے میڈیا کے لیے فوٹو سیشن کروایا۔
اسپتال سے رخصت کے موقع پرشاہی جوڑ ا نومود شہزادے کو گود میں اٹھائے ہوئے' لنڈو ونگ اسپتال' کی سیڑھیوں پر نمودار ہوا تو گویا وہاں موجود ان کے چاہنے والوں کا صبر آزما انتطار ختم ہو گیا ۔
شہزادی کیٹ کے ہاں پیر کے روز شام چار بجکر 24 منٹ پر لڑکے کی ولادت ہوئی ،جس کے بعد دنیا بھر میں سلطنت برطانیہ کے تیسرے جانشین کے دیدار کا انتظار شروع ہو گیا ان میں دنیا بھر کے سینکڑوں صحافی اور فوٹو گرافرزکے علاوہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی جو دو دن سے سخت گرمی اور طوفانی بارش کے باوجود وہاں اسی یادگار لمحے کو قید کرنے کے لیے موجود تھے ۔
برطانوی ٹی وی کے مطابق ، یہ بڑی دلچسپ بات تھی کہ شہزادہ ولیم کے صاحبزادے کا استقبال اسی والہانہ پن سے کیا گیا ، جس طرح اکتیس برس قبل ان کی ولادت کے موقع پر کیا گیا تھا جب شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس نے انھیں پہلی بار عوام سے ملوایا تھا۔ اس وقت شہزادہ ولیم تاج برطانیہ کے دوسرے جانشین کی حیثیت سے لوگوں سے متعارف کروائے گئے تھے اور آج انھوں نے ٹھیک اسی مقام پرننھے شہزادے کو تاج برطانیہ کے تیسرے دعویدار کی حیثیت سے لوگوں سے ملوایا ۔
جوں ہی شاہی جوڑے نے اسپتال کے مرکزی دروازے کی سیڑھیوں پر قدم رکھا سینکڑوں کیمرہ مینوں کے لینس اور فلش آن ہو گئے۔ شاہی جوڑا اس موقع پر بہت خوش و خرم نظر آرہا تھا انھوں نے عوام سے ملاقات کرنے سے پہلے میڈیا کے لیے خصوصی تصاویر بنوائیں ۔
اس دوران شہزادہ ولیم بہت اچھے موڈ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے رہے ان کا کہنا تھا کہ ،شہزادے کے لیے انھوں نےاب تک کوئی نام منتخب نہیں کیا ہے۔
انھوں نےبتایا کہ ، شہزادہ عام بچوں کی نسبت تھوڑا بڑا اور وزنی ہے لیکن انھیں خوشی ہے کہ ان کا بیٹا اپنی ماں سے مشابہت رکھتا ہے جس پر شہزادی کیٹ نے ان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا ہے ۔
ایک صحافی نے جب ان سے کہا کہ شہزادے کی ولادت کی خبرسننے کے لیے میڈیا نے بہت انتطار کیا ہے جس پر انھوں نے کہا کہ ''میں شہزادے کو اس کی کاہلی ضرور یاد دلاؤں گا جب وہ بڑا ہو جائیگا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ آپ سب نے بہت لمبے انتظار کی زحمت اٹھائی ہے لیکن اب آپ سب تو اپنی نارمل زندگی کی طرف واپس لوٹ جائیں گے لیکن ہمیں اپنی نئی ذمہ داری کو نبھانا ہے ۔''
شہزادی کیٹ نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ، ''یہ ہماری زندگی کے بیش قیمت لمحات ہیں اور میں سمجھتی ہوں کہ اس احساس سے تمام والدین واقف ہوں گے ''جس پر شہزادہ ولیم نے انھیں لقمہ دیتے ہوئے کہاکہ ، یہ بجا حقیقت ہے کہ یہ ان کی زندگی کے یادگار لمحات ہیں ۔
نئے نئے والد بننے والے شہزادے ولیم نے اپنے خاندان کو اسپتال سے گھر لے جانے کی ذمہ داری خود ہی ادا کی ، انھوں نے خود ہی بچے کو کار سیٹ میں ڈال کر حفاظتی بیلٹ لگائی اور پھر اسے گاڑی کی پچھلی سیٹ پر نصب کیا جہاں شہزادے کی دیکھ بھال کے لیے شہزادی کیٹ موجود تھیں جبکہ اپنے گھر کینزنگٹن پیلس کے لیے انھوں نے گاڑی خود ہی ڈرائیو کی ۔