رسائی کے لنکس

روس، چین، پاکستان سہ فریقی اجلاس اہم ہوگا: مبصرین


روس کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کریں گے۔

علاقائی اُمور بشمول افغانستان کی صورت حال پر غور کے لیے پاکستان، روس اور چین کا سہ فریقی اجلاس 27 دسمبر کو روس میں ہو گا۔

مبصرین موجودہ علاقائی، خاص طور افغانستان میں سلامتی کی صورت حال کے تناظر میں اس سہ فریقی اجلاس کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

روس کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم قائداعظم یونیورسٹی سے وابستہ ظفر جسپال نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ خطے کی صورت حال میں ان تینوں ممالک کی دلچسپی اور تعاون اہمیت کا حامل ہے۔

’’انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف تو پہلے ہی ان تین ممالک کے درمیان ہم آہنگی ہے۔۔۔۔ افغانستان میں (سلامتی کی صورت حال) پر تینوں کے خدشات ہیں۔۔۔ تو اس لیے اس (سہ فریقی) اجلاس کی اپنی اہمیت ہے۔‘‘

دفاعی اُمور کی تجزیہ کار ماریہ سلطان کہتی ہیں کہ اس اجلاس کے بعد یہ بھی واضح ہو گا کہ تینوں ملک خطے کی صورت حال کے حوالے سے کیا حکمت عملی اپناتے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے تواتر سے یہ کہا جاتا رہا ہے کہ وہ پڑوسی ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور متحارب گروپوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے افغان متحارب دھڑوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مثبت کردار ادا کیا اور اُن کے بقول آئندہ بھی اگر افغانستان کی طرف سے پاکستان کو کردار ادا کرنے کے لیے کہا گیا تو اس میں معاونت کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG