رسائی کے لنکس

گر کر تباہ ہونے والی روسی خلائی شٹل کی تلاش جاری


گر کر تباہ ہونے والی روسی خلائی شٹل کی تلاش جاری
گر کر تباہ ہونے والی روسی خلائی شٹل کی تلاش جاری

روسی علاقے سائبیریا میں گزشتہ روز گر کر تباہ ہونے والی خلائی شٹل کے ملبے کی تلاش کا کام جاری ہے۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان لے جانے والی بغیر عملے کی شٹل 'رشین پراگریس ایم – 12 ایم' کو خلاء کے لیے بدھ کو روانہ کیا گیا تھا تاہم شٹل کو مدار تک لے جانے والے راکٹ کی خرابی کے باعث یہ روس کے صوبہ التائی میں گر کر تباہ ہوگئی تھی۔

روس کی خلائی ایجنسی 'روس کوسموس' کا کہنا ہے کہ قازقستان کے 'بیکانور' لانچنگ مرکز سے روانہ کی گئی شٹل کے راکٹ میں پروازکے ساڑھے پانچ منٹ بعد تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث یہ مال بردار شٹل کو درست مدار تک پہنچانے میں ناکام رہا۔

ایجنسی کے مطابق حادثے سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں موجود چھ رکنی عملے پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ان کے پاس ضروریات کا سامان پہلے ہی مناسب مقدار میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی خلائی شٹل 'اٹلانٹس' نے اپنی آخری پرواز کے دوران آئندہ ایک سال کے لیے غذائی اشیاء اور دیگر ضروری سامان خلائی مرکز پہنچایا تھا۔

امریکہ کے خلائی شٹل پروگرام کے خاتمے کے بعد روسی شٹلز بین الاقوامی خلائی مرکز تک سامان کی فراہمی کا اہم ترین ذریعہ بن گئی ہیں۔ خلائی مرکز کو جانے والی اگلی پروز آئندہ ماہ روانہ ہوگی۔

XS
SM
MD
LG