رسائی کے لنکس

شام میں غیر معینہ مدت تک روسی فضائیہ کی تعیناتی کی توثیق


فائل فوٹو
فائل فوٹو

روس کے صدر ولادیمر پوتن نے شام میں روسی فضائیہ کی غیر معینہ مدت تک کے لیے تعیناتی سے متعلق معاہدے کی توثیق کی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق روس کی افواج نے شام میں ہیمیم ہوائی اڈے سے صدر بشار الاسد کی حمایت میں فضائی کارروائیاں شروع کی تھیں۔

رواں ہفتے ہی روس نے شام کے ساحلی علاقے طرطوس میں بحریہ کا ایک مستقبل بیس بنانے کا اعلان کیا تھا۔

کریملن کی طرف سے کہا گیا کہ صدر پوتن کی طرف سے جس معاہدے کی توثیق کی گئی اُس کے اخراجات روس کے سالانہ دفاعی بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔

شام میں پائیدار جنگ بندی اور اس مسئلے کے سیاسی حل کے لیے بھی کوششیں کی جاتی رہی ہیں لیکن اُن میں کوئی کامیابی تاحال حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

رواں ہفتے کے اواخر میں بھی اس سلسلے میں امریکہ، روس اور مشرق وسطیٰ کے سفارت کاروں کی ایک ملاقات سوئیٹزرلینڈ میں طے ہے۔

لگ بھگ دو ہفتے قبل امریکہ نے شام کے معاملے پر روس سے مذاکرات معطل کر دیئے تھے۔

مغرب کے ممالک کی طرف سے روس اور صدر بشار الاسد کے فورسز پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ حلب میں اسپتالوں پر بمباری اور اقوا متحدہ کے امدادی قافلوں پر حملے میں ملوث رہی ہیں۔

جب کہ حال ہی میں فرانس کی طرف سے بھی ایسا ہی الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ روس شام میں جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

روس کی طرف سے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے یہ کہا جاتا رہا ہے کہ اس نے شام میں دہشت گرد گروپوں کو ہدف بنایا ہے۔

XS
SM
MD
LG