رسائی کے لنکس

دو روسی صحافی نوکری سےفارغ، رپورٹروں کا کھلا خط


دو روسی صحافی نوکری سےفارغ، رپورٹروں کا کھلا خط
دو روسی صحافی نوکری سےفارغ، رپورٹروں کا کھلا خط

بدھ کو انٹرنیٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک کھلے خط میں کمرسینٹ چھاپہ خانے کےرپورٹروں نےکہا ہےکہ نوکری سے نکالنا ’خوفزدہ کرنے کا ایک حربہ ہے‘ جس کا مقصد ولادی میر پیوتن کے خلاف بیان بازی کو چھپنے سے روکنا ہے

ایک روسی چھاپہ خانے کے کم از کم 50صحافیوں نےایک کھلے خط پر دستخط کیے ہیں جِس میں اِس بات کی شکایت درج ہے کہ اُنھیں ایسے بیانات شائع کرنے سے روکا جارہا ہے جِن میں وزیر اعظم ولادی میر پیوتن کے خلاف نکتہ چینی کی گئی ہو، جب کہ پہلے ہی اُن کے دو ساتھیوں کو نوکری سے نکالا جا چکا ہے۔

منگل کے روز ہفت روزہ ’کمرسینٹ‘ کے ایک ایڈیٹر اور سینئر منیجر کو نوکری سے فارغ کیا گیا ہے۔

اِس کا باعث، چھاپہ خانے کے مالک علی شیر عثمانوف کے الفاظ میں، اُن کی طرف سے گذشتہ ہفتے کے میگزین میں پارلیمانی انتخابات سے متعلق خبروں میں صحافتی بددیانتی تھا۔ مضمون میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر پیوتن کے خاکے شامل کیے گئے تھے جِن میں مغلظات درج تھے۔

بدھ کو انٹرنیٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک کھلے خط میں چھاپہ خانے کے رپورٹروں نےکہا ہےکہ نوکری سے نکالنا’ خوفزدہ کرنے کا ایک حربہ ہے‘ جس کا مقصد ولادی میر پیوتن کے خلاف بیان بازی کو چھپنے سے روکنا ہے۔

عثمانوف نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا جریدے کو بیچنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، باجود اِس بات کے کہ ایک مالدار شخص میخائیل پروخوروف نے ایسی پیش کش کی ہے، جنھوں نے اِسی ہفتے مسٹر پیوتن کے صدارتی انتخاب کو چیلنج کیا ہے۔

چار دسمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں روس کے ایوانِ زیریں ڈوما میں یونائٹڈ رشیا پارٹی کو کم تعداد میں نشستیں ملی ہیں۔ بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات کے بعد ملک بھر میں حکومت ٕمخالف مظاہرے ہوئے ہیں۔

یونائٹڈ رشیا کے راہنماؤں نے، جنھوں نے ایک عشرے سے زائد عرصے سے روسی سیاست پر راج کیا ہے، دھاندلی کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

اگر مسٹر پیوتن دوبارہ صدارت حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس طرح وہ چھ چھ سال کی دو مدتوں کے لیے خدمات انجام دیں گے، اور 2024ء تک اقتدار میں رہیں گے۔ وہ پہلی بار 2000ء میں صدر منتخب ہوئے تھے اور اُس عہدے پر 2008ء تک براجمان رہے، جس کے بعد اُنھوں نے عہدے کی مدت کی شرائط کے مدِ نظر، وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا۔

XS
SM
MD
LG