رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’ساون‘ نے 3 عالمی ایوارڈ جیت لیے


فلم کو پہلا ایوارڈ ملا ’میڈرڈ فلم فیسٹیول ‘ میں۔۔ کیٹیگری تھی ’بہترین فارن فلم ‘۔۔ جبکہ اٹلی میں ہونے والا ’سوشل ورلڈ فلم فیسٹیول‘ بھی ’ساون ‘ نے جیتا۔ تیسرا ایوارڈ ملا ’ساون‘ کے ہدایت کار فرحان عالم کو ۔۔۔۔ وہ بہترین ڈائریکٹر قرار پائے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے احیا کا مورخ جب بھی تاریخ لکھے گا اس میں کہیں نہ کہیں یہ ذکر ضرور ہوگا کہ بعض فلموں کی بدولت ملکی صنعت کو نہ صرف نئی زندگی ملی، بلکہ ان فلموں کی بدولت انڈسٹری کو عالمی پہچان اور شہرت بھی ملی۔

انہی فلموں میں اب ایک اور فلم ’ساون‘ کا اضافہ ہوگیا ہے، جس نے ایک ہی ماہ میں تین بڑے بین الاقوامی اعزاز جیت کر دنیا بھر میں ریلیز سے پہلے ہی تہلکہ مچا دیا ہے۔

فلم کو پہلا ایوارڈ ملا اسپین میں ہونے والے ’میڈرڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں۔۔ کیٹیگری تھی ’بہترین فارن لینگویج فلم‘۔۔ جبکہ اب اٹلی میں ہونے والا ’سوشل ورلڈ فلم فیسٹیول‘ بھی ’ساون‘ کو ایوارڈ دیے بغیر نہ رہ سکا۔ یہ ایوارڈ بھی ’بہترین فلم‘ کی کیٹیگری میں دیا گیا۔ مقابلے میں ساون کے علاوہ سات فلمیں شامل تھیں۔

فیسٹیول میں تیسرا ایوارڈ ’ساون‘ کے ڈائریکٹر فرحان عالم کو ملا، جو بہترین ڈائریکٹر قرار پائے۔ اس کیٹگری میں کُل تین فلمیں شامل تھیں۔

سوشل ورلڈ فلم فیسٹیول اٹلی میں دیگر بین الاقوامی فلمیں بھی شامل تھیں۔

ان ایوارڈز سے متعلق ایک کمال یہ بھی ہے کہ فلم نے ایسے خطوں میں اپنا لوہا منوایا جہاں نہ لوگ اردو سمجھتے ہیں اور نہ ہی وہ پاکستانی معاشرے کی رسم و رواج اور روایات سے واقف ہیں۔ اس کے باوجود، فلم کا پے در پے ایوارڈز جیتنا اس سچائی کا اعتراف ہے کہ پاکستانی فلمیں دنیا میں کہیں بھی جائیں ان کا مقابلہ ترقی یافتہ ممالک کی فلم انڈسٹری سے کیا جاسکتا ہے۔

فلم ’ساون‘ کے ڈائریکٹر، فرحان عالم اور اسکرین پلے رائٹر و پروڈیوسر مشہود قادری نے وائس آف امریکہ کو ایک مشترکہ انٹرویو میں بتایا کہ ’ساون‘ حقیقی واقعے پر مبنی ہے۔ ساون ایک نو سالہ بچے کا نام ہے جو پولیو کا مریض ہے۔ یہ کردار کرم حسین نے بخوبی نبھایا ہے۔

ساون ایک حادثے میں اپنے والدین سے بچھڑ جاتا ہے۔ وہ بلوچستان کی ایک گنجان وادی کا رہائشی ہے۔ والدین سے بچھڑتے ہی ساون کو ایک لمبی جدوجہد میں گھرنا پڑتا ہے۔ اس جدوجہد میں اسے تن تنہا معاشرے کی ہر برائی سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ اسی جدوجہد کی کہانی کا نام ہے ’ساون‘۔

مشہود قادری اور فرحان عالم کے بقول فلم میں کرم حسین اپنی پرفارمنس کا لوہا منوانے میں کامیاب رہے ہیں۔ فلم اسکردو میں پکچرائز کی گئی ہے۔

بقول مشہود قادری ’’ساون کی کہانی میں دھرتی کی خوشبو چھپی ہے۔ سچ کی اس تصویر کو اسکرین پر لایا گیا ہے جو ہم کبھی دانستہ اور کبھی غیر دانستہ طور پر نظر انداز کر بیٹھتے ہیں۔‘‘

فرحان عالم نے ’ساون‘ کی مسلسل کامیابیوں کا سہرا پوری ٹیم کے سر باندھا ہے۔

’کلاکار فلم پروڈکشن‘ کے بینر تلےتیار ہونے والی فلم ساون کے ایڈیٹر اسیم سنہا ہیں۔ ان کا تعلق بالی ووڈ سے ہے۔ فلم کی موسیقی دی ہے ہالی ووڈ کے امیر اشیلے نے، ساؤنڈ ایکسپرٹ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ جسٹن لیبنس ہیں۔

فلم کا ساؤنڈ ٹریک بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے مشہور گلوکار، چرنجیت سنگھ اور بلوچستان کے جانے پہچانے سنگر اختر چنال نے تیار کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں سید کرم حسین، عارف بہالیم، نجیبہ فیض، سلیم معراج، عمران اسلم، ٹیپو شریف، سحرش قادری، حفیظ علی، سہیل ملک، شاہد نظامی، محمد عباس، دانیال یونس، مہک ذوالفقار، سید محمد علی اور ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل ایس اے نجمی شامل ہیں۔ فلم میں مشہور فلم اسٹار ندیم نے بطور مہمان اداکار کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان میں فلم ’ساون‘ 15 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG