رسائی کے لنکس

بھارت: کباڑی کی دکان سے ساحر لدھیانوی کے انمول نسخے برآمد


ممبئی میں کباڑی کی دکان سے برآمد ہونے والی چیزوں میں ہاتھ کے لکھے انمول نسخے، نظمیں، ڈائریاں اور یادگار تصاویر شامل ہیں۔
ممبئی میں کباڑی کی دکان سے برآمد ہونے والی چیزوں میں ہاتھ کے لکھے انمول نسخے، نظمیں، ڈائریاں اور یادگار تصاویر شامل ہیں۔

ساحر لدھیانوی فلمی شاعری میں بہت اونچا مقام رکھتے ہیں۔ ایک دور میں کسی کو ان کا ثانی قرار نہیں دیا جاسکتا تھا لیکن دور بدلنے کے ساتھ ساتھ صورت حال بہت حد تک بدل گئی ہے۔

اب حالات یہ ہیں کہ ساحر لدھیانوی کے ہاتھ کے لکھے انمول نسخے، نظمیں، ڈائریاں اور یادگار تصاویر بھارت کے شہر ممبئی کی ایک کباڑی کی دکان سے ملے ہیں۔

بھارت کی ایک غیر سرکاری تنظیم 'فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن' نے ساحر لدھیانوی سے عقیدت کے طور پر محض تین ہزار روپے میں انہیں خرید لیا ہے۔

فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ اس سامان کو محفوظ کرکے شہریوں کے لیے نمائش میں پیش کرے گی۔

ساحر لدھیانوی کی ذاتی ڈائریوں میں ان کے روز مرہ کے معمولات کی تفصیل درج ہے۔ مثلاً وہ کس گانے کی ریکارڈ کے لیے کون سے اسٹوڈیو جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ بھی انہوں نے ڈائریوں میں انجام دیے گئے مختلف کاموں کا تذکرہ کیا ہے۔

ڈائریوں میں مختلف دیگر اشعار بھی درج ہیں۔

فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے بانی ہدایت کار شیویندر ڈنگرپور نے بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کو بتایا کہ جو خطوط ملے ہیں وہ اس وقت کی مشہور شخصیات نے ساحر لدھیانوی کو لکھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شخصیات میں شہرہ آفاق موسیقار روی بھی شامل ہیں جبکہ کچھ خطوط ان کے دوستوں اور اس وقت کے نامور شعرا کے بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ خطوط انگریزی میں جبکہ بیشتر اردو میں لکھے گئے ہیں۔

سامان میں ساحر لدھیانوی کی کچھ تصاویر بھی شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ تصویروں میں وہ اپنے دوستوں اور کچھ میں بہنوں کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔

بعض تصاویر ان کے پنجاب میں واقع گھر کی ہیں۔

فاؤنڈیشن کی جانب سے تحقیق کی جا رہی ہے کہ شاعری کے نسخوں میں موجود مواد شائع ہو چکا ہے یا نہیں۔

ڈنگرپور نے کہا کہ فاؤنڈیشن پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ اتنے قیمتی نسخے کس طرح ایک کباڑی کی دکان تک پہنچے اور اسے کیوں کر بے قیمت ایک کباڑی کو فروخت کر دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG