رسائی کے لنکس

سوشانت سنگھ کی خود کشی، سلمان خان نے خاموشی توڑ دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ فلموں کے ہیرو سلمان خان نے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔

انہوں نے اپنے پرستاروں کے نام ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ سوشانت سنگھ کے مداحوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور انہیں برا بھلا نہ کہیں.

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی اپنے کو کھونے دینے کا دکھ بہت بڑا ہوتا ہے۔ اس لیے وہ سوشانت سنگھ کے مداحوں کے ساتھ کھڑے ہو کر ان سے ہمدردی کا اظہار کریں۔ اس سے ان کا دکھ کم ہوگا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 14 جون کو سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد سے اب تک سلمان خان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا حالانکہ سوشانت سنگھ کے بہت سے مداح سلمان خان سمیت بالی وڈ کی کچھ اہم اور بڑی شخصیات پر سوشانت سنگھ کا کیریئر برباد کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

سوشانت کے پرستاروں کا خیال ہے کہ سلمان خان فلمز سمیت 7 بڑے پروڈکشن ہاؤسز نے مبینہ طور پر سوشانت کے ساتھ کام کرنے سے منع کردیا تھا۔

حالیہ دنوں میں ہی یعنی سوشانت کی موت کی بحث کے دوران ہدایت کار ابھینو کشپ نے بھی سلمان خان پر اپنا کیریئر برباد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اسی طرح یش راج فلمز پر بھی سوشانت سنگھ کا کیریئر برباد کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جب کہ یش راج فلمز نے سوشانت سنگھ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی کاپی ممبئی پولیس کے حوالے کر دی ہے۔

ادھر سلمان خان کے ٹوئٹ کے سامنے آنے کے ساتھ ہی ان کے پرستار ان کی حمایت میں بول اٹھے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے ٹوئٹ کرکے خود کو بڑا فن کار اور عظیم انسان ثابت کیا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ بالی وڈ کی کچھ مشہور شخصیات اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے سوشانت کی موت کا فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ جب کہ خود نمائی کی کوشش کر رہی ہیں لیکن سلمان خان ان سے الگ ہیں۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ سلمان خان بالی وڈ کے اب تک کے سب سے متنازع اور دوسروں کے ہاتھوں نشانہ بننے والے اداکار ہیں۔ وہ اپنے لیے نہیں دوسروں کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سلمان کے ایک ناراض مداح نے اداکار کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ خاندانی ہیں اور ہم اپنے خاندان کے بارے میں متعصبانہ جھوٹے بیانیے پر مبنی بات سننے کو پسند نہیں کرتے۔ اب وقت آگیا ہے کہ آپ ان سب کو عدالت لے جائیں جو مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ ان کا امیج داغدار ہوجائے۔

XS
SM
MD
LG