سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کا قتل کئی حوالوں سے اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ان کا قتل نئے سال 2011ء کا پہلا سیاسی قتل ہے ۔ اس سے قبل گزشتہ سال 16 ستمبر کو متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کو لندن میں قتل کردیا گیا تھا۔
سلمان تاثیر اور بھارت کی سابق وزیر اعظم اندراگاندھی کے قتل میں اس حوالے سے مماثلت پائی جاتی ہے کہ اندراگاندھی کو بھی 31 اکتوبر 1984ء کو ان کے دو گارڈز نے قتل کردیا تھا۔ان دونوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا۔ ایک گاڑد کو تیسرے سیکورٹی گارڈ ز نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ ایک گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا جس نے اعتراف جرم کیا۔ سلمان تاثیر کے قاتل نے بھی اعتراف جرم کیا۔
ان دونوں قتل میں مذہبی عنصر پوشیدہ تھا۔ سلمان تاثیر کو توہین رسالت قانون کو کالا قانون کہنے کے جرم میں قتل کیا گیاتھا جبکہ اندراگاندھی کو سکھوں کے گورودوارے گولڈن ٹیمپل میں فوجی آپریشن کی ہدایات دینے پر قتل کیا تھا۔