رسائی کے لنکس

اے آئی فیچرز سے لیس سام سنگ کی 'گیلیکسی ایس 24' سیریز متعارف


جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'سام سنگ' نے بدھ کو اپنی نئی 'گیلیکسی ایس 24' سیریز متعارف کرا دی ہے جس کے متعدد فیچرز آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) سے لیس ہیں۔

نئے پیش کیے گئے موبائل فونز میں گیلیکسی ایس 24، ایس 24 پلس اور ایس 24 الٹرا شامل ہیں۔

انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2023 میں معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اسمارٹ فونز کی ترسیل میں سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

اب سام سنگ نے خریداروں کی توجہ راغب کرنے کے لیے نئی سیریز میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس سے لیس متعدد فیچرز شامل کیے ہیں۔

ٹو وے ٹرانسلیشن

کمپنی کے مطابق نئے فونز میں 'ٹو وے ٹرانسلیشن' کا فیچر بھی ہے جس کے ذریعے صارف مختلف زبان میں لائیو فون کال کو اسی وقت ترجمے کے ساتھ سن سکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرانسلیشن کا یہ فیچر اس سے پہلے سام سنگ کے کسی بھی فون میں دستیاب نہیں تھا اور ایس 24 اس فیچر کے ساتھ پہلا فون ہے۔

اس فیچر کے تحت فون 13 مختلف زبانوں کو ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سرکل ٹو سرچ

اس کے علاوہ نئی سیریز میں 'سرکل ٹو سرچ' کا فیچر بھی موجود ہے جس کے تحت صارف اسکرین پر موجود تصویر کے کسی بھی حصے کو سرکل کر کے اسے ڈائریکٹ گوگل پر سرچ کر سکیں گے۔

صارفین ایس 24 سیریز میں اپنے میسجز کی ٹون کو اپنی ضرورت کے مطابق بزنس، فارمل یا سوشل میڈیا کی مناسبت سے تبدیل کر کے سیٹ کر سکتے ہیں۔

ایڈیٹنگ فیچر

نئے موبائل فون میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس سے لیس ایڈیٹنگ فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ٹیکنالوجی پر تجزیہ پیش کرنے والی کمپنی 'کینالس فورکاسٹ' کے مطابق سال 2024 میں پیش کیے جانے والے فونز میں سے پانچ فی صد آرٹیفیشل انٹیلی جینس ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے جب کہ سال 2027 تک اس میں 47 فی صد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

سام سنگ کے نئے موبائل فون رواں ماہ کے آخر تک صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق گیلیکسی ایس 24 کی قیمت 799 ڈالرز ہے جب کہ ایس 24 پلس اور ایس 24 الٹرا کی قیمت بالترتیب 999 اور 1299 امریکی ڈالرز ہے۔

XS
SM
MD
LG