سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمال مغرب میں واقع قاسم یونیورسٹی میں زیرِ تعمیر کنونشن سینٹر کی عمارت گرنے سے اس میں کام کرنے والے کم ازکم چھ پاکستان مزدور ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایک بھارتی شہری بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔ اس سے پہلے یونیورسٹی حکام نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پیر کو عمارت گرنے سے 50 افراد ملبے تلے دب گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر پاکستانی ہیں۔
تاہم بعد میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چھ پاکستانیوں کے ہلاک اور سات کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
پیر کو عمارت گرنے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا تھا جس میں فضائی میڈیکل سروس کے ادارے، ایمولنسیں، سعودی ہلالِ احمر سوسائٹی، شہری دفاع کی تنظیمیں اور سکیورٹی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
سعودی عرب میں 15 لاکھ سے زائد پاکستانی کام کرتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں میں خطرناک حالات میں زیرِ تعمیر عمارتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی ہلاکتوں کی خبریں آتی رہی ہیں۔