رسائی کے لنکس

شاہ عبداللہ کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کا اظہار تعزیت


شاہ عبداللہ کی نماز جنازہ ریاض میں ادا کر دی گئی جس میں مختلف ملکوں کے رہنماؤں اور اعلیٰ شخصیات شریک ہوئیں۔

سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال پر دنیا بھر سے تعزیت کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جب کہ جمعہ کو ان کے جنازے میں شرکت کے لیے مختلف ملکوں کے رہنما بھی سعودی عرب پہنچے۔

جمعہ کو نوے برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے بادشاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ ریاض میں ادا کی گئی۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اپنا صومالیہ کا دورہ ملتوی کرتے ہوئے سعودی عرب روانہ ہو ئے۔

ترکی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ "ابھی ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم (ریاض) جائیں اور ہم جا بھی رہے ہیں۔ لیکن اپنے پروگرام کے تحت جبوتی اور صومالیہ بھی جائیں گے۔"

اردن کے بادشاہ عبداللہ بھی جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں جاری عالمی اقتصادی فورم میں اپنی مصروفیات کو تبدیل کرتے ہوئے سعودی رہنما کے جنازے میں شرکت کے لیے ریاض روانہ ہو گئے۔

امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن ایک وفد کے ہمراہ آئندہ آنے والے دنوں میں شاہ عبداللہ کی وفات پر تعزیت کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔

وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بائیڈن نے کہا کہ "شاہ عبداللہ کی وفات ان (سعودی عرب) کے ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔۔۔ میں نے ہمیشہ ان کی بے تکلفی، اپنے ملک کی ترقی اور امریکہ کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات بارے بھرپور عزم کو سراہا۔"

ان کا کہنا تھا کہ وہ آنے والے دنوں میں امریکہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک وفد کے ساتھ شاہ عبداللہ کے خاندان اور سعودی عوام سے تعزیت کے لیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG