سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبہ عسیر میں ایک پولیس چوکی پر حملے میں چار اہلکار ہلاک اور چار مزید زخمی ہو گئے ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق تین مسلح افراد نے فائرنگ کی جن میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ ایک حملہ آور سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں مارا گیا۔
حکام کے مطابق حملہ کرنے والے تمام سعودی شہری تھے۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے بعد سعودی سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کی جھڑپ ہوئی۔
سعودی عرب کا صوبہ عسیر یمن سرحد کے قریب ہے، واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔
یمن میں موجود حوثی باغیوں کی طرف سے حالیہ مہینوں میں سعودی عرب پر کئی میزائل بھی داغے جا چکے ہیں جن میں سے بیشتر کو سعودی ائیر ڈیفنس نظام کی طرف سے مار گرایا گیا۔
اس کے علاوہ سعودی عرب میں اس سے قبل بھی مسلح افراد کی طرف سے فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔