رسائی کے لنکس

یمن: سعودی اتحاد کی فضائی کارروائیاں، 30 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سکیورٹی اہلکاروں اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں باغیوں کی زیر قبضہ دارالحکومت صنعاء کے شمال مشرق میں واقع ایک معروف مارکیٹ میں کی گئی ہیں۔

یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی فضائی کارروائیوں میں 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سکیورٹی اہلکاروں اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں باغیوں کی زیر قبضہ دارالحکومت صنعاء کے شمال مشرق میں واقع ایک معروف مارکیٹ میں کی گئی ہیں۔

نیہم کے علاقے میں ہونے والی ان فضائی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ عہدیداروں نے یہ بات شناخت ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتائی کیونکہ وہ سرکاری طور پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

سعودی قیادت میں اتحاد صدر عبد ربو منصور ہادی کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو بحال کرنے کے لیے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی حامی فورسز کے خلاف برسرپیکار ہے۔

امدادی اداروں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے جمعہ کو مغربی حکومتوں پر سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روکنے کا مطالبہ کیا۔ قبل ازیں رواں ماہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے سعودی اتحاد پر کلسٹر بم استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے مبصرین کے ایک پینل کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کی طرف سے ایسی 119 فضائی کارروائیاں کی گئیں جن میں ممکنہ طور پر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی گئی اور انہوں نے ان کے متعلق بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مارچ 2015ء سے یمن کی لڑائی میں 6,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG