لندن میں طویل عرصے سے مقیم متحدہ قومی موومنٹ کے بانی رہنما الطاف حسین کے خلاف اسکاٹ لینڈ یارڈ نےمنی لانڈرنگ کیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کی شام کیے جانے والے اس اعلان میں کہا گیا ہے کہ اس کیس میں پیش کئے گئے ثبوت ناکافی ہیں جبکہ ان ثبوتوں سے یہ بات بھی ثابت نہیں ہو سکی ہے کہ لندن پولیس نے چھاپے کے دوران جر رقم برآمد کی تھی وہ غیر قانونی طریقے سے الطاف حسین کے گھر پہنچی تھی، لہذا کیس کو ختم کیا جاتا ہے اور اب یہ کیس آگے نہیں چلے گا۔
میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے راہنماؤں الطاف حسین ، محمد انور اور سرفراز مرچنٹ کے خلاف کیس کراؤن پراسیکیوشن کی ہدایت پر ختم کیا گیا ہے۔
پاکستان کے مقامی الیکٹرونک میڈیا نے اس خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر کور کیا۔
کیس پچھلے کئی سال سے زیر سماعت تھا ۔ اس دوران 6 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 28 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تھی ۔ 100گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے اور 9 مقامات کی تلاشی لی گئی۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد خان نے جمعرات کی شام کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کیس ختم ہونے پر پاکستان کو تشویش ہے ۔