امریکہ نے بدھ کو تہران میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں، اور ایران کے عوام کے لیے دعاگو ہیں‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’’ایک پُرامن اور مہذب دنیا میں دہشت گردی کی سیاہ کاری کی کوئی گنجائش نہیں‘‘۔
ادھر، ایران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، حملے کا آغاز بدھ کی صبح تہران میں واقع ایرانی پارلیمان کی عمارت سے ہوا جہاں کلاشنکوفوں سے مسلح کم از کم چار حملہ آوروں نے عمارت میں گھس کر فائرنگ کر دی۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق، ایک حملہ آور نے پارلیمان کی عمارت میں جاری ایک اجلاس کے کمرے میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
حملوں کے نتیجے میں، بتایا جاتا ہے کہ، کم از کم 12 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔