رسائی کے لنکس

سیلف میڈ ہوں، کوئی گائیڈ نہیں: پریانکا چوپڑہ


فلم ’فیشن‘ میں لاجواب کردار نگاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ پانے والی پریانکا کے مطابق وہ ایک انٹرٹینر ہیں اور جب تک لوگ انہیں دیکھنا چاہیں گے وہ لوگوں کو اپنی فلموں اور گائیکی کے ذریعے تفریح فراہم کرتی رہیں گی۔

پریانکا چوپڑہ کا شمار بالی وُڈ کی چند ایسی ہیروئنز میں ہوتا ہے جنہوں نے فلم نگری میں قدم رکھا تو پیچھے کوئی بڑا فلمی نام یا خاندان راستے آسان بنانے کے لئے موجود نہیں تھا۔۔لیکن پریانکا چوپڑہ نے اس کے باوجود اپنی انتھک محنت سے وہ مقام اور شہرت حاصل کی جس کا خواب آنکھوں میں سجا کر وہ یہاں آئی تھیں۔

خوبصورت، گلیمرس، ٹرینڈی اور ٹیلنٹ سے مالا مال ’دیسی گرل‘ پریانکا چوپڑہ کا کہنا ہے کہ جب میں بالی وُڈ میں آئی تو کوئی مجھے گائیڈ کرنے والا نہیں تھا اور اب اتنی کامیابیاں سمیٹنے کے بعد میں یہ بات کہتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہوں کہ میں نے جو کچھ حاصل کیا اپنی سخت محنت اور لگن سے حاصل کیا۔ میں ’سیلف میڈ‘ ہوں اور ان گذرتے سالوں نے مجھے سخت جان بنا دیا ہے۔

بھارتی فوج میں ڈاکٹر جوڑے کے گھر جنم لینے والی پریانکا چوپڑہ نے 2000میں مس ورلڈ کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور یہی وہ کامیابی تھی جس نے ان پر بالی وڈ کے دروازے کھول دئیے۔

ایک عشرے سے کچھ زیادہ وقت بالی وڈ میں گزارنے اور ڈھیروں کامیابیاں سمیٹنے والی پریانکا کا ماننا ہے کہ اب بھی کرنے کو بہت کچھ باقی ہے۔

فلم ’فیشن‘ میں لاجواب کردار نگاری پر بہترین اداکار ہ کا ایوارڈ پانے والی پریانکا کے مطابق وہ ایک انٹرٹینر ہیں اور جب تک لوگ انہیں دیکھنا چاہیں گے وہ لوگوں کو اپنی فلموں اور گائیکی کے ذریعے تفریح فراہم کرتی رہیں گی۔

شاید کم لوگوں کو اس بات کاعلم ہو کہ پریانکا چوپڑہ ایک باقاعدہ تربیت یافتہ گلوکارہ ہیں۔ ان کے دو نمبرز ’ان مائے سٹی‘ اور ’ایگزوٹک‘ریلیز ہو کر چارٹس پر نمبر ون رہ چکے ہیں۔

گائیکی کے بارے میں پریانکا کا کہنا ہے کہ وہ اداکاری اور گلوکاری میں بیلنس رکھیں گی کیونکہ دونوں ہی ان کے لئے اہم ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ، ’خواتین تو ویسے بھی ایک وقت میں کئی کام کرنے کی عادی ہوتی ہیں‘۔

پریانکا نے پچھلے دنوں لندن میں اپنے تیسرے گانے کا ٹیزر ریلیز کیا۔ وہ پُر امید ہیں کہ یہ گانا بھی ان کے مداح پسند کریں گے۔

سال 2013 پریانکا چوپڑہ کے لئے کافی ہلچل والا سال ثابت ہوا۔ انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق اس سال ذاتی زندگی میں پریانکا کو اپنے والد سے دائمی جدائی کا دکھ اٹھانا پڑا۔

پروفیشنل لائف میں ان کی دو فلمیں ’زنجیر‘ اور ’کرش 3‘ سینما گھروں کی زینت بنیں جبکہ دو آئٹم سونگز بھی ان کے کریڈٹ پر آئے۔ یہ گانے ’ببلی بدمعاش ہے‘ فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا‘ اور ’رام چاہے لیلا‘ فلم ’گولیوں کی راس لیلا، رام لیلا‘ کا حصہ تھے۔

ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ہالی وڈ کی اینی میٹیڈڈ فلم ’پلینز‘ کے لئے وائس اوور بھی کی۔ آج کل پریانکا چوپڑہ بھارت کے لئے باکسنگ کا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی ’میری کوم‘ کی زندگی پر بننے والی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
XS
SM
MD
LG