سینیگال نے ایران پر حکومت مخالف باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ کے روز کہا کہ ’ڈیموکریٹک فورسز آف کاسامینس‘ کے باغیوں نے اپنے حالیہ حملے میں ایرانی ساخت کا اسلحہ استعمال کیا۔ اتوار کو کی گئی اس کارروائی میں سینیگال کے تین فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
سینیگال اور ایران کے درمیان مضبوط سفارتی تعلقات قائم تھے لیکن اکتوبر 2010ء میں نائجریا میں لائوس کی بندرگاہ پر 13 کنٹینرز سے ایرانی اسلحہ برآمد ہونے کے بعد ان میں تناؤ پیدا ہو گیا تھا۔
تحران کا کہنا تھا کہ یہ اسلحہ جنوبی افریقہ کی ایک ریاست بھیجا جا رہا تھا اور آنے والے دنوں میں معلوم ہوا کہ یہ اسلحہ گیمبیا کے لیے تھا۔ یہ معلومات منظر عام پر آنے کے بعد گیمبیا نے بھی ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔
سینیگال میں تجزیہ کاروں کا موقف تھا کہ اسلحے کی یہ کھیپ ممکنہ طور پر سینیگال کے جنوبی علاقے کاسامینس میں سرگرم باغیوں کو بھیجا جا رہا تھا۔