ٹی ٹوئںٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021 کی فاتح ٹیم آسٹریلیا کا جشن ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ برس ہونے والی محدود طرز کی کرکٹ کے میگا ایونٹ کے وینیوز کا اعلان کر دیا ہے۔
پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والا آسٹریلیا 2022 میں ایونٹ کے آٹھویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا جس کا آغاز سولہ اکتوبر 2022 سے ہو گا۔
میگا ایونٹ میں فائنل اور سیمی فائنل سمیت مجموعی طور پر 45 میچز کھیلے جائیں گے اور میچز کے لیے سات شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے میچز میلبرن، پرتھ، سڈنی، برسبین، ایڈیلیڈ، ہوبارٹ اور گیلونگ میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے دو سیمی فائنل سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم اور ایڈیلیڈ اوول میں بالترتیب نو اور 10 نومبر کو ہوں گے جب کہ فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں رواں برس ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گزشتہ برس ہونا تھا اور اس کا میزبان بھارت تھا۔ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث اسے اکتوبر 2021 تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی کی نئی چیمپئن آسٹریلیا اور رنر اپ نیوزی لینڈ سمیت پاکستان، بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں رینکنگ میں سب سے اوپر ہیں اور آئندہ برس ہونے والے ایونٹ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر چکی ہیں۔
البتہ چار دیگر ٹیموں کو سپر 12 مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہو گا جن میں دو بار کی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے والی سری لنکا سمیت اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انتظامی امور کے سربراہ کرس ٹیٹلے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ برس ہونے والے ایونٹ کے لائن اپ میں 12 ٹیموں کی پوزیشن واضح ہے جب کہ دیگر ٹیموں کے درمیان آئندہ برس ہونے والی سیریز میں فیصلہ ہو گا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے والی ٹیموں کے لیے دو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہوں گے۔ پہلا ایونٹ آئندہ برس فروری میں عمان اور دوسرا زمبابوے میں جون اور جولائی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی رینکنگ میں ابتدائی آٹھ پوزیشن پر موجود ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرتی ہیں جب کہ دیگر آٹھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائی میچز ہوتے ہیں اور ان میں سے کامیاب ہونے والی چار ٹیمیں سپر 12 مرحلے میں جگہ بناتی ہیں۔