رسائی کے لنکس

شدید برفانی طوفان، جنوبی علاقے میں 20 افراد ہلاک، بیسیوں زخمی


مسی سیپی
مسی سیپی

اہل کاروں کے مطابق، تیز رفتار بارش، برف باری اور سیلاب کے نتیجے میں امریکہ کے جنوبی علاقے میں اب تک 20 افراد ہلاک جب کہ بیسیوں زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ورجینیا سے بوسٹن تک کے ساحلی علاقوں میں تیز بارشیں، شدید برف باری اور طوفانی آندھی آئے گی

امریکہ کے جنوبی علاقے میں اختتام ہفتہ موسم نے شدت اختیار کی، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 19 افراد ہلاک، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

ایسے میں جب پیر کو موسمیاتی نظام کا رُخ مشرقی ساحل کی جانب پلٹا، موسمیاتی ماہرین نے تیز رفتار آندھی، شدید بارشوں اور سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔

ہنگامی صورتِ حال سے نبردآزما ہونے پر مامور اہل کاروں نے نیو یارک سٹی کے مکینوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ شدید بارش اور آندھی کے لیے تیار رہیں، جس کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ورجینیا سے بوسٹن تک کے ساحلی علاقوں میں تیز بارشیں، شدید برف باری اور طوفانی آندھی آئے گی۔

گذشتہ دو دِنوں کے دوران، تیز طوفانی ہوائیں جنوب مشرقی علاقے میں وارد ہوئیں، جس کے نتیجے میں سمندری طوفان، تیز رفتار بارشیں اور برف باری ہوئی، جس کے نتیجے میں ’موبائل گھر‘ الٹ گئے اور تباہی پھیلی ہے۔

ہفتے کی شام سے اتوار کی رات گئے تک، طوفان کے نتیجے میں جنوبی جارجیا میں کم از کم 15 افراد، جب کہ مسی سیپی میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

جارجیا کے گورنر، نتھن ڈئیل نے ریاست کی 16 کاؤنٹیز میں طوفان کے نتیجے میں ہنگامی صورت ِحال کا اعلان کیا ہے جہاں اموات واقع ہوئی ہیں، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈئیل نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے متاثرہ کاؤنٹیز کو درکار وسائل فراہم کر رہے ہیں، جب کپ انھوں نے جارجیا کے متاثرین کے لیے دعائیں اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ریاست اوکلوہاما کے شہر نورمن میں قائم طوفان کی پیش گوئی کرنے والے مرکز کے اہل کار، پیٹرک مارش نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی علاقے میں ممکنہ طور پر 39 سمندری طوفان آسکتے ہیں؛ جن میں سے، 30 جارجیا، چار مسی سیپی اور ایک ایک لوزیانہ اور جنوبی کیرولینا کو اب تک زد میں لاچکے ہیں۔

جنوری میں سمندری طوفان ابھرنا شاذ و نادر کا معاملہ سہی، لیکن اِن کی مثال ملتی ہے، خاص طور پر جنوبی علاقوں میں۔
طوفان کی پیش گوئی کرنے والے مرکز میں دستیاب اعداد کے مطابق، گذشتہ ایک دہائی کے دوران، جنوری میں ملک میں اوسطاً 38 سمندری طوفان آئے، جب کہ 2008ء میں 84،اور 2014ء میں صرف چار طوفان آئے۔

XS
SM
MD
LG