رسائی کے لنکس

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش پانچ جانیں لے گئی


محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش، مسرور بیس پر 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ نارتھ ناظم آباد میں 25 اور گلستان جوہر میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سعود ظفر

پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز کراچی میں دو دن سے ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش سے شہری زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔

گزشتہ روز سے اب تک ہونے والی بارش شہریوں کے لئے جان لیوا ثابت ہوئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے سبب کئی موٹر سائیکلیں سلپ ہوئیں اور درجنوں افراد کو زخمی حالت میں شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

بعض علاقوں میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی چلی گئی، جسے بحال ہونے میں خاصا وقت لگا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کی وجہ سے کوئی بڑا بریک ڈاؤن نہیں ہوا، تاہم دو سو کے قریب فیڈرز ٹرپ کرگئے تھے، جن میں سے بیشتر کو بحال کردیا گیا ہے۔

جمعے کی دوپہر سے شروع ہونے والی بارش کا پانی اب بھی کئی اہم سڑکوں پر کھڑا ہے، جسے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ جبکہ شہر کے نشیبی علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش، مسرور بیس پر 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ نارتھ ناظم آباد میں 25 اور گلستان جوہر میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں بھی شہر میں بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

تاہم میئر کراچی وسیم اختر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں الگ الگ دورے کئے اور صفائی اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وسیم اختر نے بارش کے بعد شارع فیصل، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس میں نہر خیام کا دورہ کیا۔ ایک مرتبہ پھر فنڈز کا مطالبہ دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے 30 نالوں کی صفائی کے لئے یکمشت فنڈز جاری کئے جائیں اور یہ کہ نالوں کی صفائی کا کام مستقل بنیادوں پر ہونا چاہیئے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی میدان میں اترے اور مختلف علاقوں کے دورے کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی بھی فیلڈ میں ہیں اور کام کر رہے ہیں، ہم سب کا مقصد عوام کے مسائل حل کرنا ہے، اسی لئے انہوں نے میئر کراچی کو کہا تھا کہ ہمیں جوائن کریں۔

تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے بارش کے بعد شہر کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ یہ بہتر تو ہے لیکن اطمینان بخش نہیں۔

XS
SM
MD
LG