انگلش کاؤنٹی میں ہمپشائر کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے مڈل اسیکس کے خلاف ایک اوور میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار کو ساؤتھمپٹن میں مقابلہ ہوا جس کے دوران ہمپشائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں مخالف ٹیم شروع سے ہی مشکلات میں گھری رہی اور پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
مڈل اسیکس کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی چلی گئیں اور آدھی ٹیم 55 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
میچ اس وقت دلچسپ صورتِ حال اختیار کر گیا جب اٹھارویں اوور میں شاہین آفریدی نے چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح مڈل اسیکس کی پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
شاہین آفریدی نے اپنے چوتھے اوور میں نہ صرف چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کیں بلکہ اپنی ہیٹ ٹرک بھی کی۔
انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 19 رنز کے عوض چار اوورز میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شاہین آفریدی کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ٹوئٹر صارفین شاہین آفریدی کی اس کارکردگی پر اُنہیں سراہ رہے ہیں۔
بلال رضا نامی صارف کہتے ہیں کہ ایک اور آفریدی 'بوم بوم' کا ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے راستے میں ہے۔
صدام حسین نامی ٹوئٹر صارف نے شاہین آفریدی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آپ پر فخر کرتا ہے۔
راجیش نامی ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل ہیں۔