رسائی کے لنکس

آفریدی آئی سی سی ورلڈ الیون کے کپتان مقرر


شاہد آفریدی۔ فائل فوٹو
شاہد آفریدی۔ فائل فوٹو

پاکستان کے سابق کپتان بوم بوم آفریدی کل جمعرات کے روز لارڈز میں ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے جب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک نمائشی ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئی سی سی ورلڈ الیون کی کپتانی کریں گے۔

یہ میچ ویسٹ انڈیز کے اُن پانچ کرکٹ سٹیڈیم کی مرمت اور تزئین نو کیلئے مالی وسائل فراہم کرنے کی غرض سے کھیلا جا رہا ہے جو 2017 میں ’ارما ‘ اور’ ماریا‘ نامی سمندری طوفانوں کے نتیجے میں تباہی سے دوچار ہو گئے تھے۔

آئی سی سی ورلڈ الیون کی کپتانی کیلئے پہلے ائن مورگن کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن اُن کی انگلی پر چوٹ لگنے کے باعث وہ میچ کیلئے دستیاب نہیں رہے۔ اُن کی جگہ شاہد آفریدی کا تقرر کیا گیا ہے۔

یہ میچ کل جمعرات کے روز انگلینڈ کی اسی گراؤنڈ پر کھیلا جا رہا ہے جہاں حال ہی میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شاہد آفریدی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ورلڈ الیون کی کپتانی کرنا اُن کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے خاص طور پر اس لئے بھی کہ یہ میچ ایک اچھے مقصد کیلئے کھیلا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کیا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پورے جذبے سے اس میچ کا انتظار کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس میچ میں شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

اس میچ کیلئے دونوں ٹیموں کے حتمی گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب ان کھلاڑیوں سے کیا جائے گا:

آئی سی سی ورلڈ الیون

شاہد خان آفرید ی (کپتان)، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، شعیب ملک، سیم کرین، تمیم اقبال، ٹمل ملز، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، راشد خان، سندیپ لامچہانے، مچ لمیک لینیگھن، تھیسارا پریرا، لوک رونچی اور عادل رشید۔

ویسٹ انڈیز

کارلوس بریتھ ویٹ (کپتان)، سیموئل بدری، ریاد ایمرٹ، آندرے فلیچر، کرس گیل، ایون لوئس، ایشلے نرس، کیمو پال، روومین پاول، دنیش رامدین (وکٹ کیپر) ، آندرے رسل، مارلون سیموئلز اور کیسرک ولیمز۔

XS
SM
MD
LG