بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی بالآخر حقیقی زندگی میں بھی جیون ساتھی بن گئے۔ 2021 میں ریلیز ہونےوالی فلم 'شیرشاہ' کے رومانوی جوڑے کی شادی کی تقریب راجستھان کے سوریا گڑھ پیلس میں ہوئی۔
سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی دونوں کا شمار بھارت کے ٹاپ فلمی سےستاروں میں ہوتا ہے ، حال ہی میں سدھارتھ کی پاکستان مخالف فلم 'مشن مجنوں' نیٹ فلکس پر بھارت میں کافی پسند کی گئی۔ شادی کی تقریب سے میڈیا کو دور رکھا گیا تھا لیکن اداکار و اداکارہ نے جب خود اس کا اعلان کیا تو وہ بھی وائرل ہوگیا۔
سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی دونوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کا سہارا لے کر ایک پوسٹ کی جس میں دونوں کو مسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تصویر میں کیارا اڈوانی نے معروف بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا کا ڈیزائن کیا ہوا گلابی رنگ کا لہنگا پہنا ہوا ہے جبکہ سدھارتھ ملہوترا ایک آف وائٹ شیروانی میں ملبوس ہیں۔
تصویر کے ساتھ پیغام بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے جس میں دونوں نے اپنے مداحوں کی نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ 'اب ہماری پرمننٹ (مستقل) بکنگ ہوگئی ہے۔'
یہ لائن سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی کی فلم 'شیرشاہ' سے لی گئی ہے جس میں ہیروئن ہیرو کا ہاتھ پکڑ کر اسے بتاتی ہے کہ 'اب تیری بکنگ ہوگئی'، اس ڈائیلاگ کا حوالہ دے کر دونوں نے صارفین کو یہ خوشخبری سنائی۔
بھارت اور پاکستان میں 'سڈ کیارا ویڈنگ' اور 'مسٹر اینڈ مسز ملہوترا' کا ٹرینڈ سوشل میڈیا کی زینت بنا جس میں صارفین نے ان دونوں کی شادی کی تصاویر بھی شیئر کیں اور انہیں مبارکباد بھی دی۔
بھارتی صحافی مونیکا راول نے ان کی شادی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں 'گورجز کپل (خوبصورت جوڑا) قرار دیا۔
فلم نقاد وشواجیت پٹیل نے بھی نئے جوڑے کو شادی کی مبارکباد دیتےہوئے ان کی تصاویر شیئر کیں۔
ایک اور صارف عالیہ نے شیرشاہ فلم کا سین بھی ٹوئیٹ کیا جس میں کیارا اڈوانی بکنگ کا ذکر کرتی ہیں۔
کلرز سنی پلکس نامی ٹی وی چینل نے سدھارتھ کے اعلان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'آپ دونوں کی پرمننٹ بکنگ ہوگئی ہے اور یہاں ہم آپ کے پیار میں پھنس گئے۔'
سماجی شخصیت کستوری شنکر بھی مسٹر اور مسز ملہوترا کو شادی کی مبارکباد دینے میں پیچھے نہیں رہیں۔
میڈیا کو اس تقریب سے دور رکھا گیا تھا تاہم پیلس کے باہر سے بلاگرز سوشل میڈیا اور ویب سائٹ پر اس شادی کی اپ ڈیٹ لوگوں تک پہنچاتے رہے۔
جب تک ایونٹ کی تصاویر ریلیز نہیں ہوئی تھیں، معروف بھارتی آر جے (ریڈیو جوکی) انوشکا ارورا نے سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی کے انسٹاگرام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ انہیں شادی کی تصویروں کا بے صبری سے انتظار ہے۔
سدھارتھ ملہوترا نے اپنے کریئر کا آغاز ہدایتکار کرن جوہر کے معاون کے طور پر 'مائی نیم از خان' سے کیا تھا جب کہ بطور اداکار ان کی پہلی فلم 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ' تھی، وہ 'مشن مجنوں' سے قبل 'شیرشاہ'، 'ہنسی تو پھنسی '، 'ایک ولن'، 'کپور اینڈ سنز 'اور 'عیاری' میں کام کرچکے ہیں۔
ان کی اہلیہ کیارا اڈوانی نے اپنا کرئیر 'فگلی 'سے شروع کیا جب کہ وہ کامیاب فلموں 'ایم ایس دھونی دی انٹولڈ اسٹوری'، 'لسٹ اسٹوریز'، 'کلنک'، 'کبیر سنگھ '، 'گڈ نیوز 'اور 'بھول بھلیاں ٹو 'کا بھی حصہ تھیں۔
بھارت میں دو مشہور افراد کی شادی کا سلسلہ نیا نہیں۔ 2018 میں اس سلسلے کی شروعات رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون کی شادی سے ہوئی جس کے بعد سدھارت ملہوترا کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے دونوں 'اسٹوڈنٹ ورن دھون اور عالیہ بھٹ نے بھی اپنے اپنے جیون ساتھیوں سے شادی کی۔
ورن دھون نے فروری 2021 میں اپنی گرل فرینڈ نتاشہ دلال سے شادی کی جب کہ اپریل 2022 میں عالیہ بھٹ معروف اداکار رنبیر کپورسے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
اس کے چار ماہ قبل دسمبر 2021 میں رنبیر کپور کی سابق گرل فرینڈ معروف اداکارہ کترینہ کیف نے ساتھی اداکار وکی کوشل سے شادی کرکے سب کو حیران کیا تھا جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں فلم 'فقرے' میں ساتھ کام کرنے والے اداکار علی فضل اور اداکارہ ریچا چڈھا نے بھی میں شادی کرکے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
صرف دو ماہ قبل بھارتی کرکٹر کنانول لوکیش (کے ایل) راہل اور معروف اداکار سنیل شیٹھی کی بیٹی اتھیا شیٹھی بھی شادی کے بندھن میں بند گئے۔
اس سے قبل اداکارہ نرگس اور سنیل دت، امیتابھ بچن اور جیہ بہادری، دھرمیندر اور ہیما مالنی ، اوررشی کپور اور نیتو سنگھ کی مثال ان اسکرین جوڑوں کے طور پر دی جاتی تھی جنہوں نے اصلی زندگی میں بھی شادی کی۔
اس کےبعد سیف علی خان نے کرینہ کپور سے شادی کرکے اجے دیوگن اور کاجول، اکشے کمار اورٹوئنکل کھنہ اور رتیش دیشمکھ اور جنیلیا ڈی سوزا جیسے ان فلمی جوڑوں کی فہرست میں جگہ بنائی جو اصل زندگی میں بھی ساتھ ہیں۔