رسائی کے لنکس

تباہ ہونے والے روسی طیارے کے فلائٹ ریکارڈ کا ابتدائی جائزہ مکمل


طیارے کا ملبہ
طیارے کا ملبہ

ایک بیان میں فضائی نقل و حمل کی وزارت نے کہا کہ اس ریکارڈ کو ڈاؤن لوڈ کرنے اور اس میں موجود معلومات کا تجزیہ کرنے کے بارے میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔

روس میں نقل و حمل کے حکام نے کہا ہے کہ مصر میں گر کر تباہ ہونے والے روسی مسافر طیارے کے فلائٹ ریکارڈ کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور اس کا ابتدائی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس حادثے میں 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پیر کو ایک بیان میں فضائی نقل و حمل کی وزارت نے کہا کہ اس ریکارڈ کو ڈاؤن لوڈ کرنے اور اس میں موجود معلومات کا تجزیہ کرنے کے بارے میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔

وزارت کے بیان سے کچھ دیر قبل میٹرو جیٹ کمپنی نے تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حادثہ ’’بیرونی‘‘ وجوہات کے باعث پیش آیا۔ میٹرو جیٹ نے اپنے دعوے کی تصدیق کے لیے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

تاہم وزارت فضائی نقل و حمل نے کمپنی کے تبصرے کے بارے میں کہا کہ یہ ’’قبل از وقت اور حقیقی شواہد پر مبنی نہیں۔‘‘

میٹروجیٹ کا طیارہ جس کے اکثر مسافر مصر میں چھٹیاں گزارنے کے بعد واپس سینٹ پیٹرزبرگ جا رہے تھے کہ ہفتے کو شرم الشیخ سے پرواز کے 23 منٹ بعد اچانک نیچے آ گرا۔ مرنے والوں میں یوکرین کے تین شہری بھی شامل تھے۔

روسی حکام اور فضائی کمپنی کے نمائندوں نے اس بات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے کہ یہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔

مصر اور روس دونوں کے حکام نے داعش کے اس دعوے کو مسترد کیا تھا کہ یہ طیارہ انہوں نے گرایا۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے حکام نے پیر کو کہا کہ امریکی تحقیق کاروں نے مصر میں فضائی حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے روسی اور مصری حکام کو مدد کی پیشکش کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے یہ نہیں بتایا کہ روس نے یہ پیشکش قبول کی ہے یا نہیں اور نہ ہی اس حادثے کی وجوہات پر کوئی تبصرہ کیا۔

ادھر سینٹ پیٹرزبرگ کے ڈپٹی گورنر ایگور البن نے کہا ہے کہ طیارے کے مسافروں کی لاشوں میں سے نو کی شناخت کر لی گئی ہے۔

منگل کو روس کے خبررساں اداروں نے البن کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے ورثا نے ان کی شناخت کی۔

البن نے کہا کہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

روسی حکومت کا ایک طیارہ پیر کو حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی باقیات لے کر سینٹ پیٹرزبرگ پہنچا تھا۔

XS
SM
MD
LG