رسائی کے لنکس

دبئی: ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی کی تحقیقات جاری


دبئی کے محکمۂ شہری دفاع اور پولیس کے افسران کے مطابق 'ایڈریس ڈاؤن ٹاؤن ہوٹل' میں لگنے والی آگ کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دبئی کے مرکزی علاقے میں واقع 63 منزلہ ہوٹل کی عمارت میں جمعرات کی شب لگنے والی آگ کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کےبعد بجھادی گئی ہے لیکن عمارت سے اب بھی دھواں اٹھ رہا ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق 'ایڈریس ہوٹل' کی عمارت میں لگنے والی آگ پر جمعے کی صبح تک مکمل قابو پالیا گیا تھا لیکن فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں اور عملے کے درجنوں افراد جمعے کی شام تک ہوٹل کے نزدیک موجود تھے۔

متاثرہ ہوٹل دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کے بالکل سامنے واقع ہے جہاں آگ لگنے کے وقت ہزاروں سیاح سالِ نو کی آمد پر ہونے والی روایتی آتش بازی دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

'ایڈریس ہوٹل' میں آتش زدگی اور وہاں جاری آگ بجھانے کی سرگرمیوں کے باوجود برج الخلیفہ پر ہونے والی آتش بازی معمول کے مطابق ہوئی تھی جسے ہزاروں افراد نے دیکھا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 'ایڈریس ڈاؤن ٹاؤن ہوٹل' کی عمارت میں آگ جمعرات کی شب بیسویں منزل کی کسی بالکونی میں لگی تھی جس نے آناً فاناً پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

حکام کے مطابق 63 منزلہ متاثرہ عمارت میں لگژری ہوٹل اور رہائشی فلیٹ واقع ہیں جن کے مکینوں کو آتش زدگی کے فوراً بعد عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ آتشزدگی کے وقت 'ایڈریس ہوٹل' مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جہاں دنیا بھر سے دبئی آنے والے کئی اہم اور مالدار افراد سالِ نو کے موقع پر ہونے والی آتش بازی دیکھنے کے لیے ٹہرے ہوئے تھے۔

آتشزدگی کے واقعے میں 14 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک شخص کو عمارت سے انخلا کےدوران دل کا دورہ پڑا۔

دبئی کے محکمۂ شہری دفاع اور پولیس کے افسران کے مطابق آتش زدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG