سری لنکا میں ایک اسلحہ ڈپو میں آتش زدگی کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا جب کہ اس ڈپو کے اردگرد رہنے والے ہزاروں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے۔
حکام کے مطابق اتوار کو دارالحکومت کولمبو سے 33 کلومیٹر مشرق میں واقع سلوا فوجی کمپلیکس میں آگ لگنے کے ساتھ ہی دھماکے شروع ہو گئے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسلحہ ڈپو سے پانچ کلومیٹر کے اندر واقع گھروں کے مکینوں سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ جگہوں پر منتقل ہو جائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پہلے اسلحے کے ایک چھوٹے ڈپو میں لگی جو بعد میں اسلحے کے ایک بڑے ڈپو تک پھیل گئی۔ پیر کو کچھ افراد کو ان کے گھروں میں واپس آنے کی اجازت دی گئی۔
عہدیداروں نے قریبی علاقوں میں واقع اسکولوں اور سرکاری دفاتر کو پیر کو بھی بند رکھنے کی ہدایت جاری کی۔