رسائی کے لنکس

صومالیہ: الشباب کے خلاف صومالی اور افریقی یونین فورسز کی کارروائی


افریقی یونین اور صومالی حکومت کی فورسزدارالحکومت موگادیشوسے باہر واقع عسکریت پسندوں کے ایک مضبوط گڑھ پر قبضے کے لیے کارروائی کررہی ہیں۔

موگادیشو کے قریب منگل کو شروع کی جانے والی اس کارروائی کا ہدف الشباب کے کنٹرول کا قصبہ افگوئی ہے جہاں اندورن ملک بے گھر ہونے والوں کے لیے ایک بڑا کیمپ واقع ہے۔

عینی شاہدوں نےدونوں فریقوں کے درمیان شدید لڑائی کی خبریں دی ہیں۔

افریقی یونین کے ایک بیان میں اس کارروائی کو قصبے اور آس پاس کے لوگوں کے تحفظ کے لیے ’ بہت احتیاط سے تیار کردہ آپریشن ‘ کا نام دیا گیا ہے ۔

اس علاقے میں تقریباً 40 ہزار ایسے صومالی باشندے مقیم ہیں جنہیں خشک سالی اور کئی سال سے جاری لڑائیوں کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے ہیں۔

صومالیہ میں افریقی یونین کے مشن نے کہاہے کہ الشباب مذکورہ علاقے میں امدادی اداروں کو کام کرنے سے روک رہی ہے۔

افریقی یونین کی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اینڈریو گوٹی نے کہاہے کہ ان کے فوجی عام شہریوں کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر احتیاطی اقدام کررہے ہیں اور صرف الشباب کے عسکریت پسندوں کے حملے کی صورت میں لڑائی کریں گے۔

XS
SM
MD
LG