رسائی کے لنکس

نائب امریکی صدر بائیڈن کے بڑے بیٹے انتقال کر گئے


بیو بائیڈن (فائل فوٹو)
بیو بائیڈن (فائل فوٹو)

بیو بائیڈن شمال مشرقی ریاست ڈیلویر کے اٹارنی جنرل بھی رہ چکے تھے جب کہ امریکہ کی فوج میں رہتے ہوئے انھوں نے ایک سال تک عراق میں بھی فرائض انجام دیے۔

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن کے بیٹے بیو بائیڈن انتقال کر گئے ہیں۔

46 سالہ بیو بائیڈن کئی سال تک دماغ کے سرطان میں مبتلا رہنے کے بعد ہفتے کو انتقال کر گئے۔

وہ شمال مشرقی ریاست ڈیلویر کے اٹارنی جنرل بھی رہ چکے تھے جب کہ امریکہ کی فوج میں رہتے ہوئے انھوں نے ایک سال تک عراق میں بھی فرائض انجام دیے۔

نائب صدر جو بائیڈن نے اپنے سب سے بڑے بیٹے کی موت پر ایک بیان میں کہا کہ " شکستہ دل کے ساتھ وہ اور ان کا خاندان اپنے ایک شوہر، بھائی اور بیٹے بیو کی موت کا اعلان کرتے ہیں"، اور وہ سرطان کے مرض کے ساتھ کئی سال تک اسی ہمت، طاقت اور حوصلے کے ساتھ نبرد آزما رہے جس کا اظہار وہ اپنی روزمرہ زندگی میں کرتے رہے۔

بیو بائیڈن واشنگٹن کے قریب والٹر ریڈ آرمی سنٹر میں ایک ماہ سے زیر علاج تھے۔

نائب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ "سارا بائیڈن خاندان افسردہ ہے جس کا اظہار لفظوں میں نہیں کیا جا سکتا۔ ہم جانتے ہیں کہ بیو کی یادیں خاص طور پر ان کی اہلیہ ہیلی اور ان کے دوباکمال بچوں نٹالی اور ہنٹر کی صورت میں ہمارے ساتھ ہمیشہ رہیں گے"۔

صدر براک اوباما نے کہا کہ "میں اور مشیل آج رات افسردہ ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نہایت عاجزی کے ساتھ اپنے رب سے دعا کرتے ہیں کہ وہ بیو پر نظر (کرم) کرے اور یہاں زمین پر ان کے خاندان کو صبر دے"۔

XS
SM
MD
LG