رسائی کے لنکس

سونم کپور پیا گھر سدھار گئیں


دلہا اور دلہن شادی کی تقریب میں
دلہا اور دلہن شادی کی تقریب میں

شادیاں تو سب کی ہوتی ہیں۔ کچھ سادگی سے اور کچھ دھوم دھام سے۔ لیکن، اگر شادی فلمی ستاروں کی ہو تو یوں محسوس ہونے لگتا ہے گویا یہ کسی پری اور شہزادہ گلفام کی شادی ہو۔

ایسی ہی ایک شادی منگل کے روز بھارت کے شہر ممبئی میں ہوئی جس میں فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ کی راجکماری میتھلی دہلی کے بزنس مین آنند اہوجا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

شادی کی تقریبات اتوار کے روز رسم مہندی سے شروع ہوئیں جو پیر تک جاری رہیں۔ اس تقریب میں انیل کپور اور دلہا آنند اہوجا کے خاندان اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔

دولہا اور دلہن شادی کے موقع پر
دولہا اور دلہن شادی کے موقع پر

منگل کے روز ممبئی کے پرتعیش علاقے باندرہ میں سونم کپور کی پھپھو کویتا سنگھ کے گھر پر شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ شادی سکھ رسم و رواج کے مطابق ہوئی جس میں دلہا اور دلہن کے خاندان کے علاوہ بالی ووڈ کی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی۔

سونم کپور نے سرخ اور سنہرے رنگ کے لہنگے اور چولی پر مشتمل عروسی جوڑہ زیب تن کیا جبکہ آنند اہوجا نے بیج رنگ کے بند گلے والا جوڑا پہنا۔

دلہا روایتی سکھ لباس میں شادی کی رسم کیلئے پہنچے
دلہا روایتی سکھ لباس میں شادی کی رسم کیلئے پہنچے

انتہائی خوبصورتی سے سجائے گئے منڈپ میں شادی کی رسم منگل کی دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع ہوئی اور ایک بجکر 20 منٹ پر ختم ہوئی۔ اس رسم میں سونم کپور کے والد اور مشہور بالی ووڈ اداکار انیل کپور، اُن کی والدہ انیتا کپور، انیل کپور کے بھائی سنجے کپور، بونی کپور، اُن کے بیٹے ارجن کپور اور بیٹیوں، انشولا، خوشی اور جھانوی کے علاوہ قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔

​بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتاب بچن اپنے بیٹے ابھیشک بچن اور بیٹی شویتا کے ہمراہ شادی کی تقریب میں پہنچے۔ اُن کے علاوہ اداکار شاہ رخ خان اور سلمان خان نے سونم کپور کے والد انیل کپور کے ساتھ تقریب میں سونم کپور کی مشہور فلموں کے گیت گا کر رونق بکھیری۔

سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور، سالی کرشمہ کپور اور اپنے بیٹے کے ساتھ
سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور، سالی کرشمہ کپور اور اپنے بیٹے کے ساتھ

بالی ووڈ کی دیگر نمایاں شخصیات کرن جوہر، سیف علی خان، کرینہ کپور، اُن کی بہن کرشمہ کپور، رانی مکھرجی، جیکولین فرنینڈس، سوارہ بھاسکر، جاوید اختر، رنویر سنگھ، عامر خان، کنگنا رناوٹ، رشی کپور اور نیتو سنگھ بھی شادی کی تقریب میں مدعو تھے۔

اداکار عامر خان اپنی بیگم کے ہمراہ تقریب میں پہنچے
اداکار عامر خان اپنی بیگم کے ہمراہ تقریب میں پہنچے

تقریب کیلئے بھارت کا روایتی لباس تجویز کیا گیا تھا۔ لہذا، سب مہمانوں نے سوٹ کے بجائے روایتی لباس ہی زیب تن کئے۔

فلم ساز بونی کپور اپنی بیٹیوں خوشی اور جھانوی کے ساتھ
فلم ساز بونی کپور اپنی بیٹیوں خوشی اور جھانوی کے ساتھ

اس موقع پر دلہا دلہن نے شادی کا کیک کاٹا جس کے مزاحیہ ڈیزائن کو مہمانوں نے بہت پسند کیا۔

شادی کے کیک کا مزاحیہ ڈیزائن بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا
شادی کے کیک کا مزاحیہ ڈیزائن بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا

تقریب کے بعد رات کو نو بیاہتے جوڑے کی طرف سے ایک فائو سٹار ہوٹل میں شاندار استقبالیہ دیا گیا۔

کرشمہ کپور اور جیکولین فرنینڈس تقرب میں تصویر کے لئے پوز دیتے ہوئے
کرشمہ کپور اور جیکولین فرنینڈس تقرب میں تصویر کے لئے پوز دیتے ہوئے

استقبالیہ سے پہلے انیل کپور نے میڈیا اور فوٹوگرافروں سے درخواست کی کہ وہ 40 سال سے بالی ووڈ میں کام کر رہے ہیں۔ لہذا، وہ سب تقریب کو کور کرتے ہوئے اُن کی عزت کا خیال رکھیں۔ میڈیا اور فوٹوگرافروں نے انیل کپور کے اس جذبے کو بہت سراہا۔

دلہن کے والد انیل کپور
دلہن کے والد انیل کپور

شادی کے بعد دلہا کی طرف سے دہلی میں ایک شاندار ضیافت دی گئی جس میں دونوں خاندانوں اور قریبی رشتہ داروں، دلہا دلہن کے دوستوں اور فلمی شخصیات نے شرکت کی۔

شادی کے فوراً بعد سونم کپور اپنی نئی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی پروموشن مہم میں مصروف ہو جائیں گی۔ یہ فلم چونکہ اُن کے اپنے خاندان کی پروڈکشن ہے، لہذا سونم کپور پر اُس کی پروموشن کے لیے اضافی ذمہ داری ہوگی۔

XS
SM
MD
LG