رسائی کے لنکس

فلم ’دی انٹرویو‘ کا معاملہ مزید سنگین ہوگیا


’نیویارک پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق، نئے الٹی میٹم میں ہیکرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس فلم سے متعلق ہر چیز ضائع کردی جائے، تاکہ فلم کبھی بھی اور کسی بھی طرح ’لیک‘ نہ ہوسکے

سونی پکچرز انٹرٹیمنٹ کی فلم ’دی انٹرویو‘ کی ہیکنگ کا معاملہ اب ایک نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔ فلم کی ریلیز کے خلاف ہیکرز کی جانب سے مسلسل ملنے والی دھمکیوں کے بعد، فلم کی نمائش روک دی گئی تھی۔ تاہم، ہیکرز نے اس پر بھی بس نہیں کیا اور نیا الٹی میٹم جاری کر دیا ہے۔

’نیویارک پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق، نئے الٹی میٹم میں ہیکرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس فلم سے متعلق ہر چیز ضائع کردی جائے، تاکہ فلم کبھی بھی اور کسی بھی طرح ’لیک‘ نہ ہوسکے۔

الٹی میٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر اب کسی بھی طریقے سے فلم ریلیز ہوئی، ڈسٹری بیوٹ ہوئی یا کسی بھی شکل میں لیک ہوئی، اس کی ڈی وی ڈی کہیں سے ملی یا اس کی پائریسی ہوئی، تو ہیک کی گئی مزید معلومات جو ابھی تک سامنے نہیں لائی گئیں، انہیں بھی لیک کردیا جائے گا۔

ہیکرز نے یہ الٹی میٹم ’سونی‘ کے اعلیٰ ترین افسران کو اِی میل کے ذریعے ارسال کیا ہے۔ اِی میل میں ہیکرز نے خود کو ’گارجین آف پیس‘ کے نام سے متعارف کر ایا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سی این این نے یہ ای میل حاصل کرلی ہے۔

اس دوران، تمام جگہوں سے فلم ’دی انٹرویو‘ کے پوسٹرز اور ہورڈنگز اتار لئے گئے، جبکہ اس کی پروموشن بھی فوری طور پر روک دی گئی ہے۔

اس سے قبل، سونی پکچرز انٹرٹیمنٹ نے کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جانے والی فلم ’دی انٹرویو‘ کی نمائش کو فوری طور پر روک دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام تواتر کے ساتھ موصول ہونے والی دھمکیوں کے بعد اٹھایا گیا، جن میں فلم کی ریلیز کی صورت میں تھیٹرز پر حملوں کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

سونی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہیکرز کی ہٹ دھرمی نے انہیں افسردہ کر دیا ہے۔ اگرچہ فلم کی ڈسٹری بیوشن سے کمپنی، اس کے ملازمین اور امریکی عوام سمیت سب کو نقصان ہے، کیوں کہ ہم فلمسازوں کے اظہار آزادی کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ تاہم، سخت مایوسی کے سبب، فلم کی نمائش روک دی گئی ہے۔

ہیکرز نے فلم کی نمائش کی صورت میں تھیٹرز پر نائن الیون طرز کے حملوں کی دھمکی دی تھی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا آیا ہیکرز یا تھیٹرز کو دھمکی دینے والے کون لوگ ہیں۔ البتہ، کچھ تجزیہ نگاروں نے شمالی کوریا کی جانب اشارہ کیا ہے۔ تاہم، ابھی تک اس سلسلے میں کچھ بھی واضح نہیں ہوسکا۔

’دی انٹرویو‘ مزاحیہ فلم ہے، جس کی کاسٹ میں سیٹھ روجن اور جیمس فرینکو شامل ہیں۔ شمالی کوریا فلم کی نمائش پر ناخوش نظر آتا رہا ہے۔ لیکن، شمالی کوریا کی حکومت ہیکنگ سے متعلق کسی بھی قسم کی ذمہ داری سے انکاری ہے۔

XS
SM
MD
LG