جنوبی افریقہ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی جیت میں پہلے بالر مساباتا کلاس کی ہیٹ ٹرک اور پھر وولوارڈٹ کی نصف سنچریوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستان کی ویمنز ٹیم ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستانی اوپنرز ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بنائے۔ ناہیدہ خان نے اس موقع پر 34 گیندوں پر 37 رنز بنا لئے تھے۔ ناہیدہ خان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کی رنز بنانے کی رفتار سست پڑ گئی اور 38 ویں اوور کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے تھے۔
تاہم، اس مقام پر مساباتا کلاس کی تین گیندوں پر پاکستان کی تین بلے بازوں نے اپنی وکٹیں گنوا دیں اور کلاس کو ہیٹ ٹرک کا موقع فراہم کر دیا۔ بقیہ دو کھلاڑی بھی صرف ایک رنز کا اضافہ کرکے پیویلین لوٹ گئے اور یوں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 148 رنز کا آسان ہدف فراہم کر دیا۔
پاکستان کی طرف سے ناہیدہ خان کے 37 رنز کے علاوہ سدرہ امین نے 59 گیندوں پر 25، جویریا خان نے 35 گیندوں پر 20 اور کپتان بسمہ معروف نے 49 گیندوں پر 32 رنز کی اننگ کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے کلاس نے تین اور کیپ، سیخوخو اور لوس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 36.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ وولوارڈٹ نے74 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اُن کے علاوہ لی نے 40 رنز بنائے۔
پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی آف سپنر ثنا میر نے 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے باعث جنوبی افریقہ کی تمام ٹیم صرف63 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی؛ اور یوں، پاکستانی ٹیم نے یہ میچ باآسانی جیت لیا تھا۔
دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کر کے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سیریز 1.1 سے برابر کر لی ہے۔