جنوبی کوریا نے جمعے کو شمالی کوریا میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے گئے اپنے دو شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شمالی کوریا نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ اس نے گزشتہ برس چین کی سرحد کے قریب واقع ڈانڈونگ شہر سے جنوبی کوریا کے دو شہریوں کو گرفتار کیا تھا۔ سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ یہ دونوں افراد ان کے ملک کی ساکھ متاثر کرنے کے لیے کام کر رہے تھے۔
’کورین سینڑل نیوز ایجنسی‘ کے اہلکاروں نے دعویٰ کیا کہ یہ دونوں شمالی کوریا کی ساکھ خراب کرنے کی ایک مہم میں شریک تھے جسے امریکی انٹیلیجنس اور جنوبی کوریا کی قومی انٹیلیجنس سروس نے تیار کیا تھا۔
تاہم جنوبی کوریا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں افراد کو فوراً رہا کیا جائے۔
دونوں کوریائی ملک 1953ء کی جنگ کے بعد اب تک تکنیکی اعتبار سے حالت جنگ میں ہیں اور ان کے مابین تعلقات کشیدہ چلے آرہے ہیں۔
پیانگ یانگ کی طرف سے اکثر سیئول پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں کہ وہ شمالی کوریا کو غیرمستحکم کرنے اور یہاں کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کرتا رہا ہے۔ تاہم جنوبی کوریا ان الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔