رسائی کے لنکس

گال ٹیسٹ: سری لنکا 378 پر آؤٹ، پاکستان کی اننگز مشکلات کا شکار


پاکستان کے کپتان بابر اعظم مجموعی اسکور میں 16 رنز کا ہی اضافہ کر سکے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم مجموعی اسکور میں 16 رنز کا ہی اضافہ کر سکے۔

گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے جب کہ پاکستان کو اپنی پہلی اننگز کے آغاز میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسرے دن کے کھیل کے آغاز پر میزبان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز سے شروع کی تو 327 کے مجموعے پر دونیتھ ولالاگے نسیم شاہ کا شکار بنے۔ انہوں نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد 51 رنز بنانے والے نیروشان ٹیکویلا کو بھی نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔ جس وقت وہ پویلین لوٹے اس وقت سری لنکا کا اسکور 333 تھا۔ پرباتھ جیاسوریا کو یاسر شاہ نے 353 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ میزبان ٹیم کی آخری وکٹ 378 رنز پر گری جب 35رنز بنانے والے رمیش مینڈیس کو یاسر شاہ نے بولڈ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ رنز دنیش چندی مل نے بنائے جب کہ اوشادا فرنینڈو 50 اور نیروشان 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف چھ بالرز کا استعمال کیا جن میں نسیم شاہ نے 18 اوورز میں 58 رنز دے کر تین وکٹیں اور یاسر شاہ نے 22 اوورز میں 83 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

محمد نواز 19 اوورز میں 80 رنز دے کر دو وکٹیں اپنے نام کر سکے۔ نعمان علی نے 21 اوورز میں 64 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔

حسن علی 17 اوور میں 59 رنز اور آغا سلمان چھ اوورز میں 25 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر اس وقت گر گئی جب اسیتا فرنینڈو نے عبد اللہ شفیق کو بولڈ کر دیا۔ عبد اللہ شفیق نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور دوسری اننگز میں 160 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

عبد اللہ شفیق کے پویلین لوٹنے پر کپتان بابر اعظم وکٹ پر موجود امام الحق کا ساتھ دینے آئے البتہ وہ بھی بڑا اسکور نہ کر سکے اور 35 رنز کے مجموعی اسکور میں 16 رنز کا اضافہ کرکے جیاسوریا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بابر اعظم نے اسی میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 119 جب کہ دوسری اننگز میں 55 رنز بنائے تھے۔

محمد رضوان امام الحق کا ساتھ دینے آئے البتہ امام الحق 65 کے مجموعی اسکور پر 32 رنز بنا کر ڈی سلوا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ جب کہ محمد رضوان اور فواد عالم کو رمیش مینڈس نے پولین کا راستہ دکھایا۔

آغا سلمان کے ساتھ وکٹ پرمحمد نواز موجود ہیں جب کہ پاکستان 43 اوررز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنا چکا ہے۔ پاکستان کو اب بھی مزید 250 رنز کا ٹریل مکمل کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG