رسائی کے لنکس

تشدد کی مزید کارروائیوں سے طالبان اپنے سیاسی عزائم حاصل نہیں کر سکتے: امریکی اہل کار


امریکہ نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ حملے کی مذمت کی ہے جس میں ’رزولوٹ سپورٹ مشن‘ کے آٹھ فوجی اہلکار زخمی ہوئے، اور متعدد پولیس والے اور شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔

قندھار حملے کے بارے میں پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں امریکی محکمہٴ خارجہ کے ایک اہل کار نے کہا ہے کہ ’’ہم ہلاک و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دل کی گہرائی سے تعزیت کرتے ہیں، جنھیں طالبان کے ہاتھوں نقصان اٹھانا پڑا‘‘۔

اہل کار نے کہا کہ ’’طالبان کے احقمانہ تشدد اور افغان عوام کی پریشانی کو طول دینے کے فیصلے سے اُن کی خونخواری اور بے رحمی کا بخوبی پتا چلتا ہے، جو صدر غنی کی جانب سے امن عمل میں شریک ہونے کی پیش کش کی نفی ہے‘‘۔

امریکی محکمہٴ خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے لیے امریکی عزم غیر متزلزل ہے اور امریکہ امن کے لیے اٹھ کھڑے ہونے والے افغان عوام اور اپنے بین الاقوامی ساتھیوں کا ساتھ دیتا رہے گا‘‘۔

اہل کار نے کہا کہ ’’تشدد کی مزید کارروائیوں سے افغانستان میں سلامتی نہیں آئے گی، ناہی طالبان کو اپنے سیاسی عزائم کے حصول میں کوئی مدد ملے گی‘‘۔

XS
SM
MD
LG